شاداب رضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گھر کو میدان ہمیں بے سر و سامان کیا (غزل)
گھر کو میدان ہمیں بے سر و سامان کیا
آندھیو تم نے بھرے شہر کو ویران کیا
کام دشوار تھا ہم نے اسے آسان کیا
کاغذی پھول سے تتلی کو پریشان کیا
اپنی روداد رقم کی تو اک اسلوب سے کی
درد کو متن کیا زخم کو عنوان کیا
یہ وراثت کئی صدیوں سے چلی آتی ہے
گھر پہ دشمن بھی کوئی آیا تو مہمان کیا
مشغلہ شعر و سخن کا نہیں آساں صاحب
درد و غم کتنے کئے جمع تو دیوان کیا
فیصلہ پنچ نے کچھ اور سنایا لیکن
گاؤں کے لوگوں نے کچھ اور ہی اعلان کیا
میں اسے کیسے سر آنکھوں پہ بٹھاتا شادابؔ
جس نے سمان جتا کر مرا اپمان کیا
ہے ہواؤں کے ہاتھوں غبار آدمی (غزل)
ہے ہواؤں کے ہاتھوں غبار آدمی
دست قدرت کا یہ شاہکار آدمی
حسرتوں کا یہ زندہ مزار آدمی
بے بسی کا کھلا اشتہار آدمی
جو جہاں ہے اکیلا اکیلا سا ہے
ایک ہو یا ہزاروں ہزار آدمی
ہر قدم ایک بکھراؤ چاروں طرف
باہر اندر تمام انتشار آدمی
چار دن جیسے بڑھتا ہوا سا نشہ
پھر اترتا ہوا سا خمار آدمی
کس کو اخلاص کا کوئی پیکر کہے
جو ملا اپنے مطلب کا یار آدمی
ساری دنیا کا پروردگار اور ہے
اپنی خواہش کا پروردگار آدمی
اپنی دنیا سے بیگانہ بیگانہ سا
ہے ہواؤں کے رتھ پر سوار آدمی
بے لباسی لباسوں میں پیدا کرے
کیا روش کر گیا اختیار آدمی
چاہے جتنا ہو جیسا بھی دکھ ہو سہے
اپنے ہاتھوں نہ ہو سنگسار آدمی
ایسے کردار شادابؔ اب ہیں کہاں
دیکھ پائے جنہیں آر پار آدمی
کوزہ گر (نظم)
کوزہ گر
روز و شب
رقص کرتے ہوئے چاک پر
گیلی مٹی کا تودہ ہوں میں
تیرا ذوق نظر
تیرا دست ہنر
جیسی ہیئت مجھے چاہے دے
ہاں مگر
تیرا فن بھی
پرکھ کے عمل سے نہیں بالاتر
یاد اتنا رہے