پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاداب جاوید کی غزلیں — Shadab Javed Ghazals

شاداب جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ دل کا انکشاف ہے یہ عین شین قاف ہے (غزل)

یہ دل کا انکشاف ہے یہ عین شین قاف ہے

جو کعبے پر غلاف ہے یہ عین شین قاف ہے

تھی ارنی ضد کسی کی اور ملنے کو گیا کوئی

سو بات صاف صاف ہے یہ عین شین قاف ہے

مری خرد کی ہو گئی جنون سے مصالحت

ہر اک خطا معاف ہے یہ عین شین قاف ہے

کسی کے ہجر نے اسے تباہ کر کے رکھ دیا

جو دل میں اک شگاف ہے یہ عین شین قاف ہے

مرے ہی گرد گول گول گھومنے لگا ہوں میں

یہ مستئ طواف ہے یہ عین شین قاف ہے

ہر صاحب جمال کے دل کا مکین ہے (غزل)

ہر صاحب جمال کے دل کا مکین ہے

محفل میں ایک شخص جو گوشہ‌ نشین ہے

سوئی بھی ڈھونڈ لائی ہے دھاگا بھی فارحہ

اور جون ہے کہ اپنی ہی دنیا میں لین ہے

دنیا ہمارے بیچ معلق ہے اس طرح

جس طرح عین و قاف کے مابین شین ہے

فرہاد کارخانے میں تیشے گلاتا ہے

اور قیس اپنے شہر میں سب سے ذہین ہے

جس کے لئے بنا ہے اسی کام کا نہیں

انسان اپنے وقت کی بگڑی مشین ہے

میں آزما تو لوں مرے کچھ دوستوں کو پر

کچھ دوستوں کا گھر ہی مری آستین ہے

جو تیرا ہو گیا وہ کسی کا نہیں ہوا

اے موت با لیقین تو بے حد حسین ہے

اک آرزو کا جسم ابھی بھی ہوا میں ہے

اور ایک آرزو ہے جو زیر زمین ہے

جو تجھ کو چاہتے ہیں انہیں چاہتا ہوں میں

مجھ کو یہی سکھایا گیا ہے یہ دین ہے

تم کیا کسی بہار میں شادابؔ ہو سکے

تم جھوٹ بولتے تھے کہ موسم حسین ہے

تمہارے آنے پہ (نظم)

تمہارے آنے پہ

شادیانے بجے تھے جو

وہ نہیں رہے

فقط وہی کیا

جو شادیانے بجا رہے تھے

وہ انگلیاں اور ہونٹ بھی اب

زمیں کے اندر دبے ہوئے ہیں

جو ہاتھ

مارے خوشی کے

تم کو اٹھا کے

جھولا جھلا رہے تھے

وہ آج بارش کے تھپڑوں سے

پھٹی ہوئی قبر میں پڑے ہیں

یہ آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے

یہ ہے نہیں ہو چکا سمجھ لو

یہ ورتمان حال یعنی پریزینٹ

اس کا کانسیپٹ ہی غلط ہے

حقیقتاً صرف دو ہی باتیں قبول ہوں گی

کوئی بھی شے یا تو ہو چکی ہے

یا آگے ہوگی

اور اس کا لب لباب یہ ہے

جو آیا ہے اس کو جانا ہوگا

چلو

میں چلتا ہوں

اللہ حافظ

مزید غزلیں از شاداب جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں