پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاداب انجم کی غزلیں — Shadab Anjum Ghazals

شاداب انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے ہر بشر مجھ کو (غزل)

حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے ہر بشر مجھ کو

زمانہ بولتا ہے تم بھی کہہ لو درد سر مجھ کو

میں ہوں وہ شمع جس کی قدر و قیمت صرف اتنی ہے

کسی نے طاق پر رکھا کسی نے قبر پر مجھ کو

بھروسے کی سڑک پر بغض کے اتنے گڑھے دیکھے

کہ اب اک شخص بھی لگتا نہیں ہے معتبر مجھ کو

ہواؤں نے تو کشتی کا مری رخ موڑ ہی ڈالا

اے لہرو تم بھی کر لو آ کے اب زیر و زبر مجھ کو

فریب منزل مقصد سے واقف ہو گیا ہوں میں

خدارا آپ رہنے دیجئے محو سفر مجھ کو

گھرا ہوں آج ظلمت میں مگر امید ہے انجمؔ

کہ مل ہی جائے گی کل زندگانی کی سحر مجھ کو

میں میل کا پتھر نہ ڈگر دیکھ رہا ہوں (غزل)

میں میل کا پتھر نہ ڈگر دیکھ رہا ہوں

پیروں پہ جمی گرد سفر دیکھ رہا ہوں

تاریکی نظر آتی ہے کچھ لوگوں کو لیکن

میں حمل میں اس شب کے سحر دیکھ رہا ہوں

یہ امن کی دھرتی ہے مگر آج یہاں پر

تکرار کا عالم ہے جدھر دیکھ رہا ہوں

واقف نہیں ہمسائے کے احوال سے لیکن

ٹی وی پہ زمانے کی خبر دیکھ رہا ہوں

اڑنے کی ہوس میں نہ کہیں جان گنوا دے

چیونٹی کے نکل آئے ہیں پر دیکھ رہا ہوں

پیشانیٔ حاکم پہ شکن آ گئی انجمؔ

محکوم کی آہوں کا اثر دیکھ رہا ہوں

مزید غزلیں از شاداب انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں