شاد نوحی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سیاہ رنگ دریچوں میں بھر گیا اک شخص (غزل)
سیاہ رنگ دریچوں میں بھر گیا اک شخص
ابھی مکان کی چھت سے اتر گیا اک شخص
تمام شہر میں پرچھائیوں کا گھیرا ہے
افق کی روشنیوں میں بکھر گیا اک شخص
بدن سے جھڑتی ہوئی راکھ کا سراغ نہ پوچھ
ہمارے جسم کے اندر ہی مر گیا اک شخص
بدن خلا میں معلق دکھائی دیتا ہے
دل و دماغ پہ جادو سا کر گیا اک شخص
وہ ابر تھا تو سرابوں ہی پہ برستا رہا
بنا جو دھوپ تو برباد کر گیا اک شخص
پھلانگ کر الم و یاس کے نشیب و فراز
اداسیوں کے نگر سے گزر گیا اک شخص
کمال یہ ہے کہ پیڑوں کی سائیں سائیں میں شادؔ
خود اپنے قدموں کی آہٹ سے ڈر گیا اک شخص
گلوں کے شعلہ صفت منظروں میں چھپ سا گیا (غزل)
گلوں کے شعلہ صفت منظروں میں چھپ سا گیا
وہ دبلا پتلا بدن خوشبوؤں میں چھپ سا گیا
سہانے خوابوں کا اک شہر شام ہوتے ہی
جلے چراغ تو پرچھائیوں میں چھپ سا گیا
گلے لگا رہا ظلمت کے رات بھر کوئی
سحر ہوئی تو کھلے بازوؤں میں چھپ سا گیا
نہ جانے کون سے دریا سے جا ملیں لہریں
لہو کا شور پھڑکتی رگوں میں چھپ سا گیا
کسی کے نقش کف پا دکھائی کیا دیتے
وہ سنگ میل ہی جب راستوں میں چھپ سا گیا
گلی میں ریت کے آنگن کا کچھ پتہ نہ چلا
بگولا اڑتے ہوئے کاغذوں میں چھپ سا گیا
کراہتے ہوئے لمحوں کو چھوڑ کر اے شادؔ
کسی کی چاہ کا دن پربتوں میں چھپ سا گیا