شاد نمباہیڑی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ سب سے پہلے مرا ظرف آزما کے ملا (غزل)
وہ سب سے پہلے مرا ظرف آزما کے ملا
پھر اس کے بعد ملا تو نظر جھکا کے ملا
اسے بھی اپنے ہی جیسا بنا دیا اس نے
وہ ایک قطرہ سمندر سے جو کہ جا کے ملا
غبار وقت کی تہ جم گئی تھی چہرے پر
وہ آتے جاتے ملا جب بھی منہ چھپا کے ملا
جسے بجھانے کی کوشش میں تھا زمانہ وہ
چراغ جلتا ہوا دوش پہ ہوا کے ملا
وہ درد بن کے مرے دل میں شادؔ رہتا ہے
جو ایک بار بھی مجھ سے نہ مسکرا کے ملا
رنگ لائیں گے مرے دیدۂ نم عید کے دن (غزل)
رنگ لائیں گے مرے دیدۂ نم عید کے دن
خوں رلائیں گے تجھے بھی یہ صنم عید کے دن
تیری فرقت میں صنم تیری قسم عید کے دن
کچھ رلائے گا مجھے بھی ترا غم عید کے دن
دل کی دنیا میں مسرت کی بہاریں آئیں
گھر میں رکھ دیں جو مرے آپ قدم عید کے دن
حسن اور عشق کی تکرار حباب دریا
برہمی چھوڑ کے ہو جائیں بہم عید کے دن
اب کے بچوں کے کھلونے ہیں نہ جھولے میلہ
دامن دل ہوا جاتا ہے یوں نم عید کے دن
پاس جس کے نہیں دنیا کی کوئی چیز اے شادؔ
اس کی آہوں کا خدا رکھے بھرم عید کے دن