پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبینہ ادیب کی غزلیں — Shabeena Adeeb Ghazals

شبینہ ادیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خموش لب ہیں جھکی ہیں پلکیں دلوں میں الفت نئی نئی ہے (غزل)

خموش لب ہیں جھکی ہیں پلکیں دلوں میں الفت نئی نئی ہے

ابھی تکلف ہے گفتگو میں ابھی محبت نئی نئی ہے

ابھی نہ آئے گی نیند تم کو ابھی نہ ہم کو سکوں ملے گا

ابھی تو دھڑکے گا دل زیادہ ابھی یہ چاہت نئی نئی ہے

بہار کا آج پہلا دن ہے چلو چمن میں ٹہل کے آئیں

فضا میں خوشبو نئی نئی ہے گلوں میں رنگت نئی نئی ہے

جو خاندانی رئیس ہیں وہ مزاج رکھتے ہیں نرم اپنا

تمہارا لہجہ بتا رہا ہے تمہاری دولت نئی نئی ہے

ذرا سا قدرت نے کیا نوازا کہ آ کے بیٹھے ہو پہلی صف میں

ابھی سے اڑنے لگے ہوا میں ابھی تو شہرت نئی نئی ہے

بموں کی برسات ہو رہی ہے پرانے جانباز سو رہے ہیں

غلام دنیا کو کر رہا ہے وہ جس کی طاقت نئی نئی ہے

تو کسی راستے کا مسافر رہے تیری ایک ایک ٹھوکر اٹھا لاؤں گی (غزل)

تو کسی راستے کا مسافر رہے تیری ایک ایک ٹھوکر اٹھا لاؤں گی

اپنی بے چین پلکوں سے چن چن کے میں تیرے رستے کے پتھر اٹھا لاؤں گی

میں ورق پیار کا موڑ سکتی نہیں زندگی میں تجھے چھوڑ سکتی نہیں

تو اگر میرے گھر تک نہیں آئے گا میں ترے پاس ہی گھر اٹھا لاؤں گی

آنسوؤں کا یہ موسم چلا جائے گا میرے لب پر تبسم بھی آ جائے گا

مجھ کو دل کی زمیں سے تم آواز دو آسماں اپنے سر پہ اٹھا لاؤں گی

میرے ہر خواب کی تو ہی تعبیر ہے تو ہی میرے خیالوں کی تصویر ہے

تیری آنکھوں سے دیکھوں گی میں زندگی تیری پلکوں سے منظر اٹھا لاؤں گی

یہ زمانہ ہے صحرا صفت ہم نشیں چند قطرے بھی اس سے نہ مل پائیں گے

دیکھ تو مجھ سے کہہ کر کسی روز تو تیری خاطر سمندر اٹھا لاؤں گی

تیرے ماتھے کی اک اک شکن کی قسم میں عیادت کو رسماً نہیں آئی ہوں

میرے بیمار تیری دوا کے لئے اپنا اک ایک زیور اٹھا لاؤں گی