پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبینہ آرا کی غزلیں — Shabeena Ara Ghazals

شبینہ آرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرا قاتل تو میرا آشنا ہے (غزل)

مرا قاتل تو میرا آشنا ہے

مسلسل درد میں دل مبتلا ہے

نہ اب کے ہو گئی شام غریباں

نہ جانے کب مرا خیمہ جلا ہے

بظاہر زندگی تو کٹ رہی ہے

بسر کرنی عجب سا مسئلہ ہے

میری پلکوں پہ ہے بے فیض دریا

مگر چہرا تو دشت کربلا ہے

بچھڑتے وقت مجھ پر ہنسنے والا

ابھی کس غم میں اتنا رو رہا ہے

تمہارے ساتھ رہنا تھا مقدر

مگر یوں دور ہونا سانحہ ہے

جواں لاشیں اٹھائی جا رہی ہیں

مری بستی تو مثل کربلا ہے

یوں لگ رہا ہے میں بھی سمجھ دار ہو گئی (غزل)

یوں لگ رہا ہے میں بھی سمجھ دار ہو گئی

صحرا میں آندھیوں کی طرف دار ہو گئی

دل کی زمیں نے معرکہ جھیلا نہ تھا کبھی

دھڑکن سحر سے پہلے عزادار ہو گئی

آواز دے کے روکنا چاہا اسے مگر

میں بد نصیب آج ہی خوددار ہو گئی

داغ جگر سے آنکھ کا کاجل بنا دیا

میں اپنی داستاں کی اداکار ہو گئی

دار و رسن سے رابطہ میرا نہ تھا مگر

کیا کیجئے کہ موت وفادار ہو گئی

مزید غزلیں از شبینہ آرا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں