پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبیر شاہد کی غزلیں — Shabbir Shahid Ghazals

شبیر شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تشنگی اور بڑھائیں گے چلے جائیں گے (غزل)

تشنگی اور بڑھائیں گے چلے جائیں گے

آپ آئے بھی تو آئیں گے چلے جائیں گے

مہتمم ہم نے سر بزم کہاں رہنا ہے

جب وہ اٹھ کر چلے جائیں گے چلے جائیں گے

وقت کم ہے کہ غم زیست پس پشت کیے

جشن غم خوار منائیں گے چلے جائیں گے

جب بھی ہم خانہ بدوشوں سے تو اکتائے گا

زندگی سر پہ اٹھائیں گے چلے جائیں گے

لوگ ڈھونڈیں گے نکل کر ہمیں ان گلیوں میں

صرف آواز لگائیں گے چلے جائیں گے

ہم سے دیوانوں کی عادت ہے ملیں گے جب بھی

مل کے روئیں گے رلائیں گے چلے جائیں گے

یہ تری خام خیالی ہے کہ ہم محفل میں

منہ اٹھائے چلے آئیں گے چلے جائیں گے

زندگی بزم سخن ہے جسے سنتے سنتے

اپنے حصے کا سنائیں گے چلے جائیں گے

یہ تو سیکھا ہی نہیں آپ کی صحبت سے کہ آپ

جب چراغوں کو بجھائیں گے چلے جائیں گے

سرپھرے ایسے ہیں شاہدؔ کہ غرور ہستی

تم کو مٹی میں ملائیں گے چلے جائیں گے

دل کی توہین نہ کر درد سنانے والے (غزل)

دل کی توہین نہ کر درد سنانے والے

اس زمانے میں زیادہ ہیں زمانے والے

اس گلی سے بھی کبھی کھول کے زلفوں کو گزر

سر پہ رکھے ہوئے خوشبو کے خزانے والے

آنکھ تعبیر کی دہلیز پہ رکھی ہوئی ہے

خواب بھی دیکھے ہیں نیندوں کو اڑانے والے

راحت جاں ہے تری سانس کی خوشبو جاناں

پھونک منتر یہ مجھے ہوش میں لانے والے

اندھی آنکھوں پہ تو مت باندھ ہوس کی پٹی

توڑ کر خواب نئے خواب دکھانے والے

تو مرا تھا تو ترا نام سہارا بھی تھا

چھوڑ کر مجھ کو وجود اپنا گنوانے والے

وقت جدت کے تعاقب میں کہاں لے آیا

دین سکھلائیں گے اب ناچنے گانے والے

بن ترے سانس کا احسان جتاتا ہوا جسم

چھوڑنے والا ہوں اے چھوڑ کے جانے والے

آج بھی میرے لڑکپن کو تو دیکھے شاہدؔ

کاش لوٹ آئیں مرے دوست پرانے والے

مزید غزلیں از شبیر شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں