شبیر ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
فکر و نظر کی شاخ نتیجہ کا پھل بنو (غزل)
فکر و نظر کی شاخ نتیجہ کا پھل بنو
خود آگے بڑھ کے اپنے مسائل کا حل بنو
ماحول سازگار نہیں ہے تو کیا ہوا
کیچڑ ہے آس پاس تو خود ہی کنول بنو
اوروں کے آسرے کی اب امید ہے فضول
حالات کہہ رہے ہیں کہ خود اپنا بل بنو
دنیا کو اپنی عظمت رفتہ دکھا دو پھر
ہے آج کا تقاضہ کہ تم اپنا کل بنو
اب بے حسی کی بانہوں سے ساجدؔ نکل بھی جاؤ
ایسا نہ ہو کہ آپ ہی اپنی اجل بنو
تیری جانب طنز تو ایک بہانہ ہے (غزل)
تیری جانب طنز تو ایک بہانہ ہے
اپنی باتیں لوگوں تک پہنچانا ہے
اپنے ہاتھوں اپنی قبریں کھودیں ہم
فطرت کا یہ وحشی کھیل پرانا ہے
اپنے آپ کو بس اتنا سمجھا لیجے
سب کو اپنا اپنا بوجھ اٹھانا ہے
ارض و سما کی وسعت بھی طے کر لے گا
وہ راہی جو منزل کا دیوانہ ہے
میری جنت کے ضامن ہیں تیرے قدم
ان کے بن میری دنیا ویرانہ ہے
ساجدؔ اب ہم سمجھے کہ ایثار ہے کیا
غیروں کی خاطر خود سے ٹکرانا ہے
مزید غزلیں از شبیر ساجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں