پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبیر نازش کی غزلیں — Shabbir Nazish Ghazals

شبیر نازش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا (غزل)

خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا

دل مکمل کبھی تسخیر نہیں ہو سکتا

آج روٹھے ہوئے ساجن نے بلایا ہے مجھے

آج تو کچھ بھی عناں گیر نہیں ہو سکتا

ہو نہ ہو یہ کوئی اپنا ہی کھلا ہے مجھ پر

میرے دشمن کا تو یہ تیر نہیں ہو سکتا

باندھ لے دوست گرہ میں یہ مرا فرمایا

کچھ بھی کر لے تو مگر میرؔ نہیں ہو سکتا

کربلا کے لئے مخصوص ہے بس ایک ہی شخص

دوسرا کوئی بھی شبیرؔ نہیں ہو سکتا

چہرہ کوئی بھی آنکھ میں ٹھہرا نہ پھر کبھی (غزل)

چہرہ کوئی بھی آنکھ میں ٹھہرا نہ پھر کبھی

دل نے کسی بھی شخص کو چاہا نہ پھر کبھی

روٹھا ذرا سی بات پہ اٹھ کر چلا گیا

ایسا گیا کہ لوٹ کے آیا نہ پھر کبھی

کچھ یوں ملا تپاک سے بس عشق ہو گیا

وہ اجنبی تھا کون تھا سوچا نہ پھر کبھی

اس نے بطور تحفہ دیا تھا لباس ہجر

پہنا جو ایک بار اتارا نہ پھر کبھی

دیکھے ضعیف کاندھوں پہ محنت کے جب نشاں

بچوں نے کچھ بھی باپ سے مانگا نہ پھر کبھی

دولت ملی تو چھن گئی احساس کی قبا

اس نے مرا مزاج بھی پوچھا نہ پھر کبھی

نازشؔ گزر چکا تھا حد اعتدال سے

جانے کہاں گیا اسے دیکھا نہ پھر کبھی

مزید غزلیں از شبیر نازش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں