شبیر ناقد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں بھی روشن دماغ رکھتا ہوں (غزل)
میں بھی روشن دماغ رکھتا ہوں
چاند جیسا چراغ رکھتا ہوں
میرے ہونٹوں پہ مسکراہٹ ہے
گرچہ سینے میں داغ رکھتا ہوں
کیا مرے پاس کام پت جھڑ کا
دل میں سر سبز باغ رکھتا ہوں
مجھ سے کچھ تم چھپا نہ پاؤ گے
اہتمام سراغ رکھتا ہوں
پیاس کیسے مجھے لگے ناقدؔ
اک لبالب ایاغ رکھتا ہوں
بہت کچھ لکھا ہے بہت کچھ لکھیں گے (غزل)
بہت کچھ لکھا ہے بہت کچھ لکھیں گے
یہ طے ہے کہ اہل قلم ہی رہیں گے
نہیں ہم نصیبوں سے مایوس بالکل
جو ہم بن نہ پائے وہ بچے بنیں گے
گنوائے ہیں اوقات اپنے جنہوں نے
وہی عمر بھر ہاتھ ملتے رہیں گے
رہے گا جو یونہی ستم کا تسلسل
تو تنگ آ کے ہم بھی بغاوت کریں گے
اگر عدل سے نسل محروم ہوگی
تو پھر دیکھنا لوگ رہزن بنیں گے
جو کہتے ہیں کہتے رہیں اہل دنیا
مگر ہم تو ناقدؔ سدا سچ کہیں گے
مزید غزلیں از شبیر ناقد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں