پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبیر کانپوری کی غزلیں — Shabbir Kanpuri Ghazals

شبیر کانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جذبۂ شوق جگایا تو برا مان گئے (غزل)

جذبۂ شوق جگایا تو برا مان گئے

دل نے اک پھول کھلایا تو برا مان گئے

اہل گلزار نے گلزار کو پامال کیا

آشیاں ہم نے جلایا تو برا مان گئے

شمع امید مصیبت میں جلا کر ہم نے

ظلمت غم کو مٹایا تو برا مان گئے

اپنی محفل کو تو ہنس ہنس کے سجایا تم نے

ہم نے کاشانہ سجایا تو برا مان گئے

لوگ آتے رہے جاتے رہے محفل میں تری

ہم نے دشمن کو ہٹایا تو برا مان گئے

آپ پھولوں کو بھی پامال کیا کرتے تھے

ہم نے کانٹوں کو ہٹایا تو برا مان گئے

اب ہوا علم کہ وہ غیر سمجھتے تھے ہمیں

ان کو اپنا جو بنایا تو برا مان گئے

سب کی فریاد سنی تم نے بڑے غور کے ساتھ

میں نے بھی حال سنایا تو برا مان گئے

عشق کی راہ میں دنیا تھی رواں اے شبیرؔ

اک قدم ہم نے اٹھایا تو برا مان گئے

خیال یار میں اس طرح گم ہوا ہوں میں (غزل)

خیال یار میں اس طرح گم ہوا ہوں میں

کہ انتظار کی تصویر بن گیا ہوں میں

اٹھا تو درد کی مانند ان کی محفل سے

گرا تو اشک کی صورت بکھر گیا ہوں میں

مجھے یہ آئیں دم نزع ہچکیاں کیسی

ضرور آج انہیں یاد آ گیا ہوں میں

سجا کے آنکھ میں آنسو جلا کے عشق میں دل

جہان عشق کی رونق بڑھا رہا ہوں میں

ہمیں تو سوز جدائی نے خاک کر ڈالا

وہ کہہ رہے ہیں ابھی آزما رہا ہوں میں

سکون کیسا کہاں کی تسلیاں شبیرؔ

خود اپنے درد کی لذت میں کھو گیا ہوں میں

مزید غزلیں از شبیر کانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں