شبیر حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آج نظر انداز ہوئے تو بات ہے کیا حیرانی کی (غزل)
آج نظر انداز ہوئے تو بات ہے کیا حیرانی کی
آیت جیسے لوگ ملے اور ہم نے رو گردانی کی
کتنے روپ کی دھوپ ہمارے سینے پر لہرائی تھی
ہم نے چادر کھینچ لی خود پر ہم نے تن آسانی کی
کیا کرتے اک حسن یوسف اور زلیخا کیا بنتے
ہم نے دونوں لطف اٹھائے ہم نے قصہ خوانی کی
دریاؤں سے ملتے جلتے لوگ رہے ہیں پہلو میں
پھر بھی ہم نے بھر کے رکھی اپنی چھاگل پانی کی
پہلے میں نے حکم دیا تھا بس مجھ کو محسوس کرو
بعد میں اس کو جسم بنایا جس نے نافرمانی کی
مجھے دو رنگ بھرنے کی اجازت میں بناتا ہوں (غزل)
مجھے دو رنگ بھرنے کی اجازت میں بناتا ہوں
جہاں بنتی نہیں ہے کوئی صورت میں بناتا ہوں
تمہیں تو ٹھیک سے برباد کرنا بھی نہیں آتا
چلو پیچھے ہٹو اپنی یہ حالت میں بناتا ہوں
تعلق میں کوئی رخنہ بنانا سخت جانی ہے
ترے ہاتھوں کی نرماہٹ سلامت میں بناتا ہوں
ترے حصے میں پہلے اشک سے آغاز کرنا ہے
بقایا کار گریہ کو نہایت میں بناتا ہوں
مری ہمدم کو شکوہ ہے کہ میں کچھ بھی نہیں کرتا
مرے بچے سمجھتے ہیں کہ قسمت میں بناتا ہوں
گھڑی کی سوئیاں ترتیب میں ٹک ٹک بناتی ہیں
مگر یہ جاگنے سونے کی عادت میں بناتا ہوں