پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبیر احمد شاد کی غزلیں — Shabbir Ahmad Shad Ghazals

شبیر احمد شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ساری دنیا کی نگاہوں میں تماشہ ہو گیا (غزل)

ساری دنیا کی نگاہوں میں تماشہ ہو گیا

عشق تم سے کیا ہوا ہے میں تو رسوا ہو گیا

سائے میں خوشیوں کے کتنے لوگ میرے ساتھ تھے

دھوپ غم کی پھیلتے ہی میں اکیلا ہو گیا

اب کسی سے خیر خواہی کی نہیں رکھنا امید

آدمی ویسا نہیں تھا آج جیسا ہو گیا

راز جتنے تھے سبھی سینے میں میرے دفن تھے

دوستوں میں کس طرح پھر اس کا چرچا ہو گیا

سوچئے اس پر بھی جو فرصت ملے تو بیٹھ کر

کیا ہوا ویران کیوں گلشن ہمارا ہو گیا

ہو گیا مغرور اپنی لو پہ گھر کا ہر چراغ

روشنی کے پھیل جانے سے اندھیرا ہو گیا

نامۂ اعمال میرا شادؔ روشن کر گیا

ایک ہی قطرہ ندامت کا ستارہ ہو گیا

کس دکھے دل کی بد دعا ہوں میں (غزل)

کس دکھے دل کی بد دعا ہوں میں

آج کل خود سے بھی خفا ہوں میں

کوئی مجھ سے مجھے ملا دیتا

جسم سے اپنے لاپتہ ہوں میں

ہم پہ الزام کوئی مت رکھنا

وہ مرا اس کا ہو گیا ہوں میں

میرے نزدیک آ گیا ہے تو

تیری آہٹ کو سن رہا ہوں میں

جن کی چاہت میں ہو گیا برباد

اب وہ کہتے ہیں بے وفا ہوں میں

درد سینے میں رقص کرتا ہے

گیت خوشیوں کے گا رہا ہوں میں

مجھ کو شبیر شادؔ کہتے ہیں

آپ کے در پہ آ گیا ہوں میں

مزید غزلیں از شبیر احمد شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں