شبیر احمد قرار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سب سے ہنس کر ہاتھ ملانا سیکھ لیا (غزل)
سب سے ہنس کر ہاتھ ملانا سیکھ لیا
جینا کیا سیکھا مر جانا سیکھ لیا
دیواروں پر بستی کی اوقات کھلی
بچوں نے تصویر بنانا سیکھ لیا
کالی پیلی تفسیروں کی زد پر ہوں
خاموشی نے شور مچانا سیکھ لیا
سورج طعنے مارے چندا شرمائے
راتوں نے کاجل پھیلانا سیکھ لیا
آہ سفر دم ماں کے آنسو کل کی بات
اب تو گھر نے ہاتھ ملانا سیکھ لیا
جانے بوجھے لوگ بھی کل کو روتے ہیں
وقت نے شاید لوٹ کے آنا سیکھ لیا
لکڑی کی تلوار کہاں میدان کہاں
شہزادے نے جان چرانا سیکھ لیا
بادل بن کر آتے ہیں (غزل)
بادل بن کر آتے ہیں
آگ لگا کر جاتے ہیں
چھن چھن برکھا برسے تو
سب موسم گھر آتے ہیں
گھر میں سوکھا پڑتے ہی
سب رستے مر جاتے ہیں
شور ہے ساون ساون کا
ہم آنکھیں برساتے ہیں
چاول روز نہیں گلتے
بچے سو سو جاتے ہیں
ماں کی میٹھی لوری اب
میرے آنسو گاتے ہیں
گھر آنگن رستہ بستی
اب تو سب جھلاتے ہیں
چوڑا سینہ سچائی
ہم کس دن گھبراتے ہیں