شبیر عالم احرام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اکلوتی جاگیر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں (غزل)
اکلوتی جاگیر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
ہم تیری تصویر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
بیٹھے بیٹھے آزادی کے خواب سجاتے رہتے ہیں پھر
پیروں کی زنجیر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
کاغذ پر پیچیدہ مصرعوں کی بھر مار لگا دیتے ہیں
پھر دیوان میر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
اپنے تیر کمان کے چھن جانے کا گریہ کرنے والے
اوروں کی شمشیر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
دور جدید ہے سارے رانجھے اپنے اپنے موبائل پر
اپنی اپنی ہیر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
دن بھر سڑکوں پر انجیریں بیچنے والے بھوکے بچے
رات گئے انجیر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
غالبؔ کی غزلیں پڑھتے ہیں ذوقؔ سے شکوہ کرتے ہیں
سوداؔ اور دبیرؔ کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
چھوٹی چھوٹی باتوں پر یوں خون خرابہ ہو جاتا ہے
ہم احرامؔ ضمیر کو تکتے تکتے تھک کر سو جاتے ہیں
جب سے مدھم مری قسمت کے ستارے ہوئے ہیں (غزل)
جب سے مدھم مری قسمت کے ستارے ہوئے ہیں
نفع کے نام پہ بھی مجھ کو خسارے ہوئے ہیں
ایک تم ہو کہ مقدر کے سکندر ٹھہرے
ایک ہم ہیں کہ جو حالات کے مارے ہوئے ہیں
بھول جاتے ہیں ہر اک داغ جگر عید کے دن
پر وہ لمحے جو ترے ساتھ گزارے ہوئے ہیں
ایک جھپکی میں ہی ممکن ہے کہ کنکر بن جائیں
یہ جو کچھ لوگ تری آنکھ کے تارے ہوئے ہیں
بات کچھ یوں ہے کہ کچھ یاد نہیں ہے ہم کو
ہاں مگر رات کو رخصت جو ستارے ہوئے ہیں
یہ ستارے تری تشبیہ کے قابل نہیں ہیں
یہ ستارے تو ترے سر کے اتارے ہوئے ہیں
کیا ہمیں بھی کوئی آئینہ بنا سکتا ہے
ہم نے صحرا میں کئی سال گزارے ہوئے ہیں
وقت مل جائے تو ہم پر بھی کرم کر دینا
کب سے دامن تری چوکھٹ پہ پسارے ہوئے ہیں
آنکھ بوجھل ہوئی (نظم)
آنکھ بوجھل ہوئی
زرد پتے ہوا میں بکھرنے لگے
میں تری سمت آگے بڑھا اور پھر
یوں لگا جیسے یک دم اندھیرا سا چھانے لگا چار سو
دیکھتے دیکھتے گھپ اندھیرا ہوا
میں تجھے دیکھتا رہ گیا
تیری تصویر جب دیکھتے دیکھتے
گھپ اندھیرے میں کھونے لگی تو بنا وقت ضائع کئے
احتیاطاً تجھے میں بھی اپنے تصور کی قرطاس پر
اک پرانے برش جو کہ خود بھی تصور کی معراج تھا کو عجب بے قراری میں
عجلت زدہ ہاتھ میں لے کے ماہر مصور کی مانند ملنے لگا
پھر کچھ ایسا ہوا
سب بدلنے لگا
دیکھتے دیکھتے گھپ اندھیرا چھٹا
اور ہر سو اجالا ہوا
پھر تری سمت نظریں اٹھیں
ایک لمحہ تو معکوس قرطاس پر تیرے چہرے پہ ٹھہری رہیں اور پھر
تیری پیشانی کے ٹھیک اوپر تری مانگ سیدھی سڑک کے مشابہ ترے گیسوؤں سے گزرتی دکھی
اور پھر ایک مفلس غریب الوطن کی طرح
روشنی سے مزین سڑک پر خراماں خراماں چلا
اور پھر یوں ہوا کہ مسافر گھنے گیسوؤں میں کہیں کھو گیا