شبر جیلانی قمری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسے روٹھے کہ ملاقات نہیں ہوتی ہے (غزل)
ایسے روٹھے کہ ملاقات نہیں ہوتی ہے
مل تو جاتے ہیں مگر بات نہیں ہوتی ہے
خیر جی یہ تو ہوا ان سے نگاہیں تو ملیں
نہ سہی بات اگر بات نہیں ہوتی ہے
کچھ نہ پوچھو مرے اشکوں کی روانی کا شعور
اس قرینے سے تو برسات نہیں ہوتی ہے
میں اسی فکر میں رہتا ہوں کبھی ہاں نکلے
ان کے ہونٹوں پہ تو دن رات نہیں ہوتی ہے
خوف اغیار ہو یا شرم ہو یا مجھ سے گریز
کوئی تو بات ہے جو بات نہیں ہوتی ہے
خود بھی دنیا جو اٹک پڑتی ہے دیوانوں سے
اصل میں واقف حالات نہیں ہوتی ہے
آنکھ اٹھتی ہے نظر ملتی ہے ہنس دیتے ہیں
ساری باتیں ہیں مگر بات نہیں ہوتی ہے
بازیٔ عشق کی چالیں ہی عجب ہیں شبرؔ
ہار جاتے ہیں مگر مات نہیں ہوتی ہے
اب تیری محبت میں جو بیمار ہے بیمار (غزل)
اب تیری محبت میں جو بیمار ہے بیمار
جیتا ہے نہ مرتا ہے نہ اس پار نہ اس پار
وعدہ کے لئے لب بھی ہلانا تمہیں دشوار
بت کی طرح خاموش نہ اقرار نہ انکار
نکلے جو مریضوں کی عیادت کو وہ گھر سے
کچھ سوچ کے ہر اچھا بھلا بن گیا بیمار
ہے لب پہ ابھی تم تو ابھی تو ارے توبہ
کیا آپ کی گفتار ہے کیا آپ کی گفتار
اف عرض تمنا پہ تری نیچی نگاہیں
اقرار کا اقرار ہے انکار کا انکار
اس دور میں انساں کا عجب حال ہے شبرؔ
جینے کا بھی ارمان ہے جینے سے بھی بیزار