پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شبانہ زیدی شبین کی غزلیں — Shabana Zaidi Shabeen Ghazals

شبانہ زیدی شبین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب کے موسم میں کوئی خواب سجایا ہی نہیں (غزل)

اب کے موسم میں کوئی خواب سجایا ہی نہیں

زرد پتوں کو ہواؤں نے گرایا ہی نہیں

دیکھ کر جس کو ٹھہر جائیں مسافر کے قدم

ایسا منظر تو کوئی راہ میں آیا ہی نہیں

کیوں ترے واسطے اس دل میں جگہ ہے ورنہ

کوئی چہرہ مری آنکھوں میں سمایا ہی نہیں

اس نے بھی مانگ لیا آج محبت کا ثبوت

ایک لمحے کے لیے جس کو بھلایا ہی نہیں

مجھ کو تنہائی نے گھیرا ہے کئی بار مگر

اس کی یادوں نے مگر ساتھ نبھایا ہی نہیں

جس کی خوشبو سے مہکتے مرے گھر کے در و بام

وقت نے رنگ کوئی ایسا دکھایا ہی نہیں

روشنی اپنے مقدر كی کہاں ہوگی شبینؔ

جب دیا ہم نے اندھیروں میں جلایا ہی نہیں

رتوں کا لمس شجر میں رہے تو اچھا ہے (غزل)

رتوں کا لمس شجر میں رہے تو اچھا ہے

مٹھاس بن کے ثمر میں رہے تو اچھا ہے

کہاں سے دل کے علاقے میں آ گئی دنیا

یہ سر کا درد ہے سر میں رہے تو اچھا ہے

مرا قیام ہے گھر میں مسافروں جیسا

یہ گھر بھی راہ گزر میں رہے تو اچھا ہے

میں سن رہی ہوں قیامت کی آہٹوں کو شبینؔ

حیات پھر بھی سفر میں رہے تو اچھا ہے

مزید غزلیں از شبانہ زیدی شبین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں