شبانہ یوسف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لوٹ آئے گا کسی شام یہی لگتا ہے (غزل)
لوٹ آئے گا کسی شام یہی لگتا ہے
جگمگائیں گے در و بام یہی لگتا ہے
زیست کی راہ میں تنہا جو بھٹکتی ہوں میں
یہ وفاؤں کا ہے انعام یہی لگتا ہے
ایک مدت سے مسلسل ہوں سفر میں لیکن
منزل شوق ہے دو گام یہی لگتا ہے
اک کلی بر سر پیکار خزاؤں سے ہے
یہ نہیں واقف انجام یہی لگتا ہے
میرے آنے کی خبر سن کے وہ دوڑا آتا
اس کو پہنچا نہیں پیغام یہی لگتا ہے
مجھ کو بھی کر دے گا رسوا وہ زمانے بھر میں
خود بھی ہو جائے گا بدنام یہی لگتا ہے
بھولنا اس کو ہے آسان شبانہؔ لیکن
مجھ سے ہوگا نہیں یہ کام یہی لگتا ہے
اک مہکتے گلاب جیسا ہے (غزل)
اک مہکتے گلاب جیسا ہے
خوبصورت سے خواب جیسا ہے
میں اسے پڑھتی ہوں محبت سے
اس کا چہرہ کتاب جیسا ہے
بے یقینی ہی بے یقینی ہے
ہر سمندر سراب جیسا ہے
میں بھٹکتی ہوں کیوں اندھیروں میں
وہ اگر آفتاب جیسا ہے
ڈوبتی جائے زیست کی ناؤ
ہجر لمحہ چناب جیسا ہے
میں حقائق بیان کر دوں گی
یہ گنہ بھی ثواب جیسا ہے
چین ملتا ہے اس سے مل کے مگر
چین بھی اضطراب جیسا ہے
اب شبانہؔ مرے لیے وہ شخص
ایک بھولے نصاب جیسا ہے