پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شباب للت کی غزلیں — Shabab Lalit Ghazals

شباب للت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حد ستم نہ کر کہ زمانہ خراب ہے (غزل)

حد ستم نہ کر کہ زمانہ خراب ہے

ظالم خدا سے ڈر کہ زمانہ خراب ہے

اتنا نہ بن سنور کہ زمانہ خراب ہے

میلی نظر سے ڈر کہ زمانہ خراب ہے

بہنا پڑے گا وقت کے دھارے کے ساتھ ساتھ

بن اس کا ہم سفر کہ زمانہ خراب ہے

پھسلن قدم قدم پہ ہے بازار شوق میں

چل دیکھ بھال کر کہ زمانہ خراب ہے

کچھ ان پہ غور کر جو تقاضے ہیں وقت کے

ان سے نباہ کر کہ زمانہ خراب ہے

آ غرق جام کر دیں ملے ہیں جو رنج و غم

پیمانہ میرا بھر کہ زمانہ خراب ہے

گر بے ٹھکانہ ہیں تو نہیں شرمسار ہم

اب کیا بنائیں گھر کہ زمانہ خراب ہے

محنت شعور تجربہ تعلیم و تربیت

سب کچھ ہے بے اثر کہ زمانہ خراب ہے

دو روٹیاں نہیں نہ سہی ایک ہی سہی

اس پر ہی صبر کر کہ زمانہ خراب ہے

حلال رزق کا مولیٰ کچھ انتظام بھی دے (غزل)

حلال رزق کا مولیٰ کچھ انتظام بھی دے

مجھے دیا ہے جو علم و ہنر تو کام بھی دے

جگا ذرا کوئی جادو نظر کی جنبش سے

نظر سے کوئی شرارت بھرا پیام بھی دے

پسند دوستی چاہت نیاز عشق طلب

جو ہے ترے مرے مابین اس کو نام بھی دے

اٹھا کے جبر و ستم کس لئے خموش ہیں ہم

زبان دی ہے تو پھر جرأت کلام بھی دے

برہنہ تیغ وہ لہرا رہا ہے بر سر عام

جو تیغ دی ہے اسے تو کوئی نیام بھی دے

شبابؔ اگر ترے معیار پر کھرا اترے

تو اس کی شان کے شایاں اسے مقام بھی دے

زندگی بھر کے غلط اعمال کی پاداش میں (نظم)

زندگی بھر کے غلط اعمال کی پاداش میں

دی گئی آخر اسے نار جہنم کی سزا

دو فرشتے اس کو چھوڑ آئے جہنم زار میں

چار سو اک آگ کا طوفان تھا جس میں بپا

ناظم دوزخ نے اگلے روز جب دیکھا اسے

دے رہا تھا وہ مزے سے تاؤ اپنی مونچھ کو

بے نیاز آتش سوزاں تھا وہ مرد عجیب

اس کی آنکھوں میں نہ تھا کوئی نشان اضطراب

کوئی سایا کرب کا چہرے پہ لہراتا نہ تھا

جیسے برگد کے گھنے سائے میں بیٹھا ہو کوئی

ایسی حدت میں پسینہ تک اسے آتا نہ تھا

ناظم دوزخ نے حیرت میں کیا اس سے سوال

بات کیا ہے کچھ اثر اس آگ کا تجھ پر نہیں

دیکھ کر تیری گراں جانی بہت حیراں ہوں میں

تجھ کو شعلوں کی حرارت کا ذرا بھی ڈر نہیں

ہنس کے وہ بولا کہ صاحب یہ بھی کوئی آگ ہے

میرے جسم و جاں کو اس کی آنچ کیا پگھلائے گی

زندگی بھر میں حسد کی آگ میں جلتا رہا

مجھ پر اب نار جہنم کیا اثر دکھلائے گی

مزید غزلیں از شباب للت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں