پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شباب کی غزلیں — Shabab Ghazals

شباب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھ کیا تیری جدائی میں ہے حالت میری (غزل)

دیکھ کیا تیری جدائی میں ہے حالت میری

کوئی پہچان نہیں سکتا ہے صورت میری

میں ترے حسن کا خلوت میں تماشائی ہوں

آئینہ سیکھ نہ جائے کہیں حیرت میری

آپ نے قتل کیا خیر گلہ مجھ کو نہیں

اپنے کوچہ میں تو بنوایئے تربت میری

خط پیشانی میں سفاک ازل کے دن سے

تیری تلوار سے لکھی ہے شہادت میری

دے کے اک بوسہ عجب ناز سے دلبر نے کہا

اے شبابؔ آج یہ تجھ پر ہے عنایت میری

کبھی بھول کر بھی نہ بات کی مجھے دل سے ایسا بھلا دیا (غزل)

کبھی بھول کر بھی نہ بات کی مجھے دل سے ایسا بھلا دیا

کہوں کیا میں تیری شرارتیں کہ جگر کو تو نے جلا دیا

وہ بناؤ کرنے ہیں بیٹھتے تو سبھوں سے لیتے ہیں خدمتیں

کبھی مل دی مسی رقیب نے کبھی سرمہ میں نے لگا دیا

غم عشق کی سنی داستاں تو کلیجہ تھام کے یار نے

یہ کہا کہ قصہ عجیب تھا مرے دل کو اس نے کڑھا دیا

مرے خط کو اس نے نہ جب پڑھا مرے نامہ بر کو بھی غم ہوا

کہا مدتوں کا جو آسرا تھا وہ آج تم نے مٹا دیا

کبھی پوچھا میں نے بہشت کو کہ بتاؤ تو وہ ہے کس طرف

تو شبابؔ کوچۂ یار کا مجھے زاہدوں نے پتا دیا

مزید غزلیں از شباب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں