پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شباہت فردوس کی غزلیں — Shabahat Firdaus Ghazals

شباہت فردوس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمارا دل کچھ بہک رہا ہے (غزل)

ہمارا دل کچھ بہک رہا ہے

گلاب جیسا مہک رہا ہے

تمہیں کچھ اپنے قریب پا کر

ہمارا دل بھی دھڑک رہا ہے

جو ایک مدت پہ تم ملے ہو

خوشی سے آنسو چھلک رہا ہے

ہمارا دل بھی خوشی سے اب تو

مثال بلبل چہک رہا ہے

تمہاری صورت میں اس کا نقشہ

ذرا شباہتؔ جھلک رہا ہے

لہو لہو ہر منظر دیکھ (غزل)

لہو لہو ہر منظر دیکھ

گلشن گلشن بنجر دیکھ

گھر نہ بنانا شیشے کا

ہاتھ میں سب کے پتھر دیکھ

کون بھلا ہے کون برا

جھانک کے دل کے اندر دیکھ

جو کرتا تھا پیار کی بات

ہاتھ میں اس کے خنجر دیکھ

لاکھ ہوں خطرے راہوں میں

رک مت جانا ڈر کر دیکھ

آنکھیں ان سے چار ہوئیں

کیا گزری ہے دل پر دیکھ

منزل تک جو ساتھ نہ دے

ڈھونڈ نہ ایسا رہبر دیکھ

مزید غزلیں از شباہت فردوس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں