پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاد فدائی دہلوی کی غزلیں — Shaad Fidai Dehlvi Ghazals

شاد فدائی دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن اخلاق و محبت کی فضا چھوڑ آئے (غزل)

حسن اخلاق و محبت کی فضا چھوڑ آئے

ہم جہاں پہنچے وہاں بوئے وفا چھوڑ آئے

جب چلے گھر سے تو رازق کا پتا چھوڑ آئے

اپنے بچوں کے لیے نام خدا چھوڑ آئے

غیر کے ساتھ انہیں ہنستا ہوا چھوڑ آئے

خیر کے سائے کو ہم اپنی دعا چھوڑ آئے

وہ تمنائیں کبھی زندہ نہیں رہ سکتیں

ان کی محفل میں جنہیں روتا ہوا چھوڑ آئے

اس سے پہلے کہ ترا نام نہ رسوا ہو جائے

خلد آسا ترے کوچے کی فضا چھوڑ آئے

اپنے ہاتھوں سے تراشے تھے کبھی جو ہم نے

تیری وحدت کی قسم سب وہ خدا چھوڑ آئے

نگہ لطف کو ایک ایک کا منہ تکتے ہیں

ہم خدا جانے کہاں اپنی انا چھوڑ آئے

شادؔ جس راہ سے حق ڈھونڈنے والے گزرے

ہم بھی اس راہ میں قدموں کی ضیا چھوڑ آئے

تری آرزو تری جستجو مجھے رات دن یہی کام ہے (غزل)

تری آرزو تری جستجو مجھے رات دن یہی کام ہے

مرے دل میں تیری ہی یاد ہے مرے لب پہ تیرا ہی نام ہے

میں بھٹک رہا ہوں ادھر ادھر کبھی اس نگر کبھی اس نگر

مجھے دھڑکنوں سے پتا چلا مرے دل میں تیرا مقام ہے

تمہیں کیا بتاؤں اتا پتا مرا گردشوں سے ہے واسطہ

کہ میں ایک خانہ خراب ہوں کہیں صبح ہے کہیں شام ہے

جو نہیں ہے وقت کا ہم سفر اسے صبح و شام کی کیا خبر

ہو کسی کا وقت پہ کیا اثر بھلا وقت کس کا غلام ہے

ہوئے کیا تمہارے وہ قہقہے وہ گلے لگانا تپاک سے

وہ کھنچے کھنچے سے ہو آج کیوں نہ سلام ہے نہ پیام ہے

کوئی تجھ کو پہنچے گا کیا بھلا کوئی تیرا حیطہ کرے گا کیا

جو گمان و وہم سے دور ہے وہ مقام تیرا مقام ہے

یہ طلسم ہے نئے دور کا کوئی امتیاز کرے گا کیا

کہاں شادؔ سجدہ روا رکھیں کہاں سر جھکانا حرام ہے

مزید غزلیں از شاد فدائی دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں