شاد امرتسری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مدت سے ڈھونڈتی ہے کسی کی نظر مجھے (غزل)
مدت سے ڈھونڈتی ہے کسی کی نظر مجھے
میں کس مقام پر ہوں نہیں ہے خبر مجھے
آوارگی اڑائے پھری مثل بوئے گل
کوئی پکارتا ہی رہا عمر بھر مجھے
یوں جا رہا ہوں جیسے نہ آؤں گا پھر کبھی
مڑ مڑ کے دیکھتی ہے تری رہ گزر مجھے
کیا جانے کس خیال سے چہرہ دمک اٹھا
میں چارہ گر کو دیکھتا ہوں چارہ گر مجھے
عہد خزاں بہار کی رت نام ہیں فقط
کیا بات کہہ گئی ہے نسیم سحر مجھے
منزل پہ آ کے شادؔ عجب حادثہ ہوا
میں ہم سفر کو بھول گیا ہم سفر مجھے
اشک بہاؤ آہ بھرو فریاد کرو (غزل)
اشک بہاؤ آہ بھرو فریاد کرو
کچھ تو قفس میں شکوۂ استبداد کرو
ہر سو مرگ آثار خموشی چھائی ہے
درد کے مارو شورش حشر ایجاد کرو
صحرا صحرا خاک اڑانے سے حاصل
قریہ قریہ قصر ستم برباد کرو
عرض تمنا پر اب قدغن کیا معنی
اپنے وعدے اپنی قسمیں یاد کرو
آؤ آوارہ و گریزاں امیدو
گھر کی ویرانی کو پھر آباد کرو
شوق طلب ہی اول و آخر منزل ہے
قیس بنو یا پیرویٔ فرہاد کرو
اوروں کو ترغیب طرب دینے والو
ہم ایسے درویشوں کو بھی شاد کرو
بچوں کی طرح وہ ہنستی ہے گاتی ہے شور مچاتی ہے (نظم)
بچوں کی طرح وہ ہنستی ہے گاتی ہے شور مچاتی ہے
ہنستی ہے تو ہنستی جاتی ہے روتی ہے تو روتی جاتی ہے
وہ بھولی بھالی لڑکی ہے یا کوئی ندی برساتی ہے
سانسوں میں باس ہے پھولوں کی اور باتوں میں ہریالی ہے
مکھڑے پہ چھلکتی ہے لالی من کرودھ کپٹ سے خالی ہے
وہ سرخ گلاب کی بیٹی ہے کومل کلیوں کی ڈالی ہے
آنکھیں ہیں شرارت کے شعلے ہر پل میں آگ لگاتے ہیں
یہ شعلے رنگ برنگے ہیں یہ دل کی لگی بھڑکاتے ہیں
جو ان کی زد میں آتا ہے یہ اس کی چتا بناتے ہیں
میں جب بھی اس کو دیکھتا ہوں بس سوچتا ہی رہ جاتا ہوں
اک آنچ مجھے سمجھاتی ہے اک آنچ کو میں سمجھاتا ہوں
اے وقت کی اندھی لہر ٹھہر میں آتا ہوں میں آتا ہوں