پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

س۔ ش۔ عالم کی غزلیں — Seen Sheen Alam Ghazals

س۔ ش۔ عالم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے وفائی سے وفاؤں کا صلہ مت دینا (غزل)

بے وفائی سے وفاؤں کا صلہ مت دینا

بد دعا دینے سے اچھا ہے دعا مت دینا

تہمتیں آپ کے دامن سے لپٹ سکتی ہیں

آگ جب سلگی ہوئی ہو تو ہوا مت دینا

گل کھلا سکتا ہے آوارہ خیالی کا سفر

ذہن حساس کو خوشبو کا پتا مت دینا

جن سے منسوب ہے تاریخ رواداری کی

آندھیو ایسے درختوں کو گرا مت دینا

جو مکاں لمس شناسی کا ہنر جانتے ہیں

ان کو دستک کی ضرورت ہے صدا مت دینا

مجھ کو سادات کی نسبت کے سبب میرے خدا

عاجزی دینا تکبر کی ادا مت دینا

سب کہیں پیچھے چھوٹ چھاٹ گئے (غزل)

سب کہیں پیچھے چھوٹ چھاٹ گئے

وہ زمانے وہ ٹھاٹ باٹ گئے

کون تولے گا تجھ کو پھولوں میں

وہ ترازو گئی وہ باٹ گئے

ہم سے اچھے رہے ہمارے بزرگ

زندگی سادگی سے کاٹ گئے

اب رہا کیا ہے ان کتابوں میں

کام کی باتیں لوگ چاٹ گئے

پھر کہیں بھی یہ جی لگا ہی نہیں

ہم تو جانے کو گھاٹ گھاٹ گئے

پیاس اپنی بجھا کے پاگل لوگ

سب کنویں راستے کے پاٹ گئے

جانے کس کے حساب میں عالمؔ

راتیں بوجھل تو دن سپاٹ گئے

مزید غزلیں از س۔ ش۔ عالم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں