سیمیں برلاس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہے بہت عبرت نشاں ہم سب کے افسانے کا نام (غزل)
ہے بہت عبرت نشاں ہم سب کے افسانے کا نام
سیم و زر کی پیشکش ہے دل کے بہلانے کا نام
کلفتوں سے ڈر کے ہمت ہارنا کیا چیز ہے
زندگی ہے بڑھ کے ہر طوفاں سے ٹکرانے کا نام
غور کیجے تو یگانہ ہے نہ بیگانہ کوئی
پیار سے سارے جہاں کے درد اپنانے کا نام
یاد ایامے کہ جب انسانیت کو ناز تھا
اب ثقافت ہو گیا ہے ناچنے گانے کا نام
موت کا تو خوف ہے بے کار مسلم کے لیے
موت ہی تو ہے حقیقت میں بقا پانے کا نام
پھول کھلتا ہے چمن میں دیکھ دم بھر کے لیے
سو برس جینا نہیں ہے زندگی پانے کا نام
اس طرح بے فیض جینا بھی کوئی جینا ہوا
زندگی ہے ظلمتوں میں شمع بن جانے کا نام
روز سویرے آس کے پنچھی چاروں اور نکلتے ہیں (غزل)
روز سویرے آس کے پنچھی چاروں اور نکلتے ہیں
شام سے پہلے امیدوں کے کتنے سورج ڈھلتے ہیں
تیری رحمت کے بادل کیوں بن برسے اڑ جاتے ہیں
کیوں یہ کومل کومل غنچے تپتی دھوپ میں جلتے ہیں
تم اپنے ایوانوں میں خوش تم نے کب دیکھے ہوں گے
کیسے ننھے ننھے بچے بھوکے پیاسے پلتے ہیں
میں اور تم یا چاند ستارے کون کسی کا ہوتا ہے
سب ہی اپنی اپنی منزل اپنا رستہ چلتے ہیں
پروانوں کا جلنا تو پروانوں کی نادانی ہے
شمع کی تو تقدیر ہے جلنا پروانے کیوں جلتے ہیں
ہجر کی رت کا موسم بدلا ملن کا جانے کیسا ہو
موسم تو موسم ہیں سیمیںؔ لوگ بھی رنگ بدلتے ہیں
خواب کے دیس کی اک وادی میں (نظم)
خواب کے دیس کی اک وادی میں
گھومتے گھومتے جانے کیسے
میں ستاروں کے نگر جا پہنچی
پھر تو شب بھر مری آنکھوں سے مرے دامن میں
سینکڑوں لاکھوں ستارے برسے
صبح آنکھوں میں بہت سرخی تھی
اور دامن بھی مرا گیلا تھا