س یونس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قتل کرنا ہو تو کب زہر دیا جاتا ہے (غزل)
قتل کرنا ہو تو کب زہر دیا جاتا ہے
ان دنوں بس نظر انداز کیا جاتا ہے
زندگی زہر سہی جرعۂ مانوس تو ہے
موت کا جام شفا کس سے پیا جاتا ہے
میں تو لمحات کا بکھرا ہوا شیرازہ ہوں
سوزن عمر سے کیوں مجھ کو سیا جاتا ہے
تم کو اندازہ نہیں اس کی توانائی کا
حد سے بڑھ کر جسے مجبور کیا جاتا ہے
باز پرس اس سے بھی ہوگی کبھی سوچا بھی نہ تھا
حال پر اپنے جسے چھوڑ دیا جاتا ہے
حیطۂ شعر میں اب آنے لگی ہے وہ شے
جس کو سمجھا نہیں محسوس کیا جاتا ہے
دھوپ قسمت ہے تو پھر دھوپ کا خوگر ہونا (غزل)
دھوپ قسمت ہے تو پھر دھوپ کا خوگر ہونا
کیا ضروری ہے سدا سایہ کا سر پر ہونا
کیوں نہ ہم لمحۂ موجود میں ہنس کر جی لیں
جب کہ ممکن نہیں حالات کا بہتر ہونا
صرف قصوں کی کتابوں میں پڑھا کرتے تھے
ہم نے دیکھا نہ تھا انسان کا پتھر ہونا
صرف صورت نہیں سیرت بھی بگڑ جاتی ہے
اک عجب روگ ہے ہارا ہوا لشکر ہونا
نام جس حال کا صحرا میں ہے آزادہ روی
شہر میں اس کو کہا جاتا ہے بے گھر ہونا
ہو گیا اتنا تو یونسؔ کی غزل سے ظاہر
عہد حاضر میں بھی ممکن ہے سخن ور ہونا