پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیما نقوی کی غزلیں — Seema Naqvi Ghazals

سیما نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمیشہ دور رہ کر بھی ہمیشہ پاس ہوتا ہے (غزل)

ہمیشہ دور رہ کر بھی ہمیشہ پاس ہوتا ہے

محبت میں کوئی اک شخص کتنا خاص ہوتا ہے

کسی سے دل ہی دل میں روٹھنا پھر خود ہی من جانا

گماں اس پر کہ شاید اس کو بھی احساس ہوتا ہے

کسی کے ساتھ رہنا اور وہ بھی اجنبی بن کر

کسی کو کیا پتا کتنا بڑا بن باس ہوتا ہے

بکھرتا جاتا ہے ہر سو مہکتا مشک بو لہجہ

خدا معلوم کب تک بر سر قرطاس ہوتا ہے

سنا ہے لوگ اس صحرا میں بھی سیراب ہوتے ہیں

وہی صحرا جو شاید آپ اپنی پیاس ہوتا ہے

یہ ہم ہی ہیں جو آ جاتے ہیں باتوں میں زمانے کی

زمانے بھر کی باتوں پر کسے وشواس ہوتا ہے

یہ مستی ہے جنون عشق کی طاری ہے جو مجھ پر

یہ کس نے کہہ دیا ہر شخص ہی رقاص ہوتا ہے

وہ رعنائی ہی رعنائی ہے زیبا اس کو یکتائی

کہ جس کا ذکر مثل سورۂ اخلاص ہوتا ہے

یہ کیسی مرگ آسا چپ لگی ہے آج کل سیماؔ

سنا تھا درد کا لہجہ بڑا حساس ہوتا ہے

صبح ازل سے شام ابد تک آنا جانا ہوتا ہے (غزل)

صبح ازل سے شام ابد تک آنا جانا ہوتا ہے

منزل تک جانے کا رستہ کس نے پانا ہوتا ہے

میں اک عورت ہوں گھر بھر کی ذمہ داری ہے میری

مردوں کو تو کام بڑے ہیں چاند پہ جانا ہوتا ہے

میری باری میں ہی قسمت کیوں کرتی ہے من مانی

ہونے کو تو جو ہوتا ہے ایک بہانہ ہوتا ہے

لیلیٰ اور مجنوں کے قصے تیرے میرے قصے ہیں

ایک ہمیشہ مر جاتا ہے ایک دیوانہ ہوتا ہے

آج ہمارے بچے ہم کو لوگ پرانے کہتے ہیں

ان کو کیا معلوم کہ ہر دستور پرانا ہوتا ہے

مزید غزلیں از سیما نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں