پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیما گپتا کی غزلیں — Seema Gupta Ghazals

سیما گپتا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آگ پانی بھی ہے مٹی ہے ہوا ہے مجھ میں (غزل)

آگ پانی بھی ہے مٹی ہے ہوا ہے مجھ میں

میرے خالق کا کوئی راز چھپا ہے مجھ میں

ہو نہ جائے تہہ و بالا کہیں دنیا ساری

ایک طوفان بلا خیز بپا ہے مجھ میں

روک لیتی ہوں قدم خود ہی غلط راہوں سے

ایسا لگتا ہے کوئی مجھ سے بڑا ہے مجھ میں

ایک مدت سے وہ خاموش ہے سیماؔ لیکن

ایک مدت سے وہی چیخ رہا ہے مجھ میں

سودائے عشق کے تو خطاوار ہم نہیں (غزل)

سودائے عشق کے تو خطاوار ہم نہیں

ہیں عشق کے مریض گنہ گار ہم نہیں

ہم جو کھٹک رہے تھے تمہاری نگاہ میں

لو اب تمہاری راہ میں دیوار ہم نہیں

اس کی خوشی کے واسطے خود کو فنا کیا

پھر بھی وہ کہہ رہا ہے وفادار ہم نہیں

دل میں ہمارے ایک تلاطم سا ہے بپا

خاموش ہیں کہ زینت اخبار ہم نہیں

تنہائیوں کی ہم نے ہی دنیا بسائی ہے

گوشے میں خود کے ہیں سر بازار ہم نہیں

صحرا کے گرد و گرم ہی اب راس آ گئے

سیماؔ کسی چمن کے روادار ہم نہیں

مزید غزلیں از سیما گپتا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں