پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیما غزل کی غزلیں — Seema Ghazal Ghazals

سیما غزل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک قیامت کا گھاؤ آنکھیں تھیں (غزل)

اک قیامت کا گھاؤ آنکھیں تھیں

عشق طوفاں میں ناؤ آنکھیں تھیں

راستہ دل تلک تو جاتا تھا

اس کا پہلا پڑاؤ آنکھیں تھیں

ایک تہذیب تھا بدن اس کا

اس پہ اک رکھ رکھاؤ آنکھیں تھیں

جن کو اس نے چراغ سمجھا تھا

اس کو یہ تو بتاؤ آنکھیں تھیں

دل میں اترا وہ دیر سے لیکن

میرا پہلا لگاؤ آنکھیں تھیں

قطرہ قطرہ جو بہہ گئیں کل شب

آؤ تم دیکھ جاؤ آنکھیں تھیں

بارش تھی اور ابر تھا دریا تھا اور بس (غزل)

بارش تھی اور ابر تھا دریا تھا اور بس

جاگی تو میرے سامنے صحرا تھا اور بس

آیا ہی تھا خیال کہ پھر دھوپ ڈھل گئی

بادل تمہاری یاد کا برسا تھا اور بس

ایسا بھی انتظار نہیں تھا کہ مر گئے

ہاں اک دیا دریچے میں رکھا تھا اور بس

تم تھے نہ کوئی اور تھا آہٹ نہ کوئی چاپ

میں تھی اداس دھوپ تھی رستہ تھا اور بس

یوں تو پڑے رہے مرے پیروں میں ماہ و سال

مٹھی میں میری ایک ہی لمحہ تھا اور بس

سنو میں جانتی ہوں یہ دسمبر ہے (نظم)

سنو میں جانتی ہوں یہ دسمبر ہے

وہاں سردی بہت ہوگی

اکیلے شام کو جب تم تھکے قدموں سے لوٹو گے

تو گھر میں کوئی بھی لڑکی

سلگتی مسکراہٹ سے

تمہاری اس تھکاوٹ کو

تمہارے کوٹ پر ٹھہری ہوئی بارش کی بوندوں کو

سمیٹے گی نہ جھاڑے گی

نہ تم سے کوٹ لے کر وہ کسی کرسی کے ہتھے پر

اسے لٹکا کے اپنے نرم ہاتھوں سے

چھوئے گی اس طرح جیسے تمہارا لمس پاتی ہو

تم آتش دان کے آگے سمٹ کر بیٹھ جاؤ گے

تو ایسا بھی نہیں ہوگا

تمہارے پاس وہ آ کر

بہت ہی گرم کافی کا ذرا سا گھونٹ خود لے کر

وہ کافی تم کو دے کر تم سے یہ پوچھے

کہو کیا تھک گئے ہو تم

تم اپنی خالی آنکھوں سے

یوں اپنے سرد کمرے کو جو دیکھو گے تو سوچو گے

ٹھٹھر کر رہ گیا سب کچھ

تمہاری انگلیوں کی سرد پوروں پر

کسی رخسار کی نرمی

کسی کے ہونٹ کی گرمی

تمہیں بے ساختہ محسوس تو ہوگی

مگر پھر سرد موسم کی ہوا کا ایک ہی جھونکا

تمہیں بے حال کر دے گا

تھکے ہارے ٹھٹھرتے سرد بستر پر

اکیلے لیٹ جاؤ گے

مزید غزلیں از سیما غزل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں