سیما فریدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوشبو پھول صبا اور شبنم دل کی دھڑکن تاج محل (غزل)
خوشبو پھول صبا اور شبنم دل کی دھڑکن تاج محل
اچھے اچھے پیارے پیارے لفظ یہ سارے آپ کے نام
آپ کی دل کش قربت پا کر جاگ اٹھی ان کی تقدیر
رنگ برنگے پھولوں کے یہ جھلمل گجرے آپ کے نام
گلشن جاں کی پتی پتی موج نسیم عطر فشاں
رنگ بہاراں پھول شگوفے سب گلدستے آپ کے نام
بام و در محرابیں کمرے آنگن اور دالان ہی کیا
قصر ادب کے سب دروازے سارے دریچے آپ کے نام
نظم و غزل کا جادو جن میں سب کے سر چڑھ کے بولے
شہر سخن میں ہونے والے وہ ہنگامے آپ کے نام
آپ کے نام کئے سیماؔ نے سارے خزانے خوشیوں کے
مہکی رت کے دنوں کے جلوے رات کے گہنے آپ کے نام
حسن کا پیکر تاج محل (غزل)
حسن کا پیکر تاج محل
عشق کا محور تاج محل
چاند کا ہمسر تاج محل
پتھر کا گھر تاج محل
پھول کا زیور تاج محل
روپ کا ساگر تاج محل
جاتے دن کی رعنائی
رات کا جھومر تاج محل
شاہجہاں کا سچا خواب
ماہ منور تاج محل
مسکن ہے ممتاز کا یہ
دلکش و دلبر تاج محل
ساری دنیا کا محبوب
جان سخنور تاج محل
وقت ملا تو دیکھیں گے
ہم تم مل کر تاج محل
سیماؔ ہم وارث اس کے
اپنا مقدر تاج محل