سیما بھاردواج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی بستی کی اک سونی گلی سے جا رہی ہوں میں (غزل)
کسی بستی کی اک سونی گلی سے جا رہی ہوں میں
یہ میرا خواب ہے یا سچ میں ٹھمری گا رہی ہوں میں
کہیں جلوہ گری اس کی کہیں دیدہ وری میری
یہ ہر سو چھا رہا ہے وہ کہ ہر سو چھا رہی ہوں میں
کبھی پھولوں سجی اک پالکی خالی پلٹ آئے
کبھی وہ خود ہی آ جائیں جنہیں بلوا رہی ہوں میں
گدا میں اس ستمگر کی گلی میں ہوں ازل ہی سے
سبھی کچھ ہاتھ ہے میرے مگر کاسہ رہی ہوں میں
دوا سب میرے زخموں کی گئی ضائع دوا سازو
تمہاری ہر دوا سازی سے اب گھبرا رہی ہوں میں
بدن سے دور بیٹھے تھے حجابی رنگ چاہت کے
تری چاہت کی بارش میں انہیں مہکا رہی ہوں میں
مری خوش پیکری بھی کام میرے آ نہیں پائی
چرائی چیز کو کتنا چھپائے جا رہی ہوں میں
دن میں تارے دیکھنے کی راتوں میں جگ کے رونے کی (غزل)
دن میں تارے دیکھنے کی راتوں میں جگ کے رونے کی
اب وہ گواہی مانگ رہا ہے مجھ سے میرے ہونے کی
ہاں وہ جادوگر ہے کوئی جس نے مجھ کو باندھ لیا
دنیا والے کیا ہی جانے باتیں جادو ٹونے کی
مانا بار نہیں ہے کوئی عشق ہمارے سینے پر
ہم میں طاقت ہے ہی نہیں یہ میرؔ کا پتھر ڈھونے کی
عشق میں ٹپکے آنسو سب سے پاک بھی ہیں اور نادر بھی
ان کو جوڑ کے رکھنا تھا یہ چیز نہیں تھی کھونے کی
ان کے پارس تن کو چھوایا میں نے اپنی مٹی سے
یعنی باتیں جھوٹ نہیں تھیں ماٹی سونا ہونے کی
رستہ دیکھ رہی تھیں آنکھیں بادل برسے پیاس بجھے
لیکن آنکھیں برسی برسوں ریتی گگری سونے کی
جنموں جنموں صدیوں صدیوں جس کی خاطر جاگ لگی
ہے وہ رات سہاگوں والی سکھ کی نیند میں سونے کی
میں نے جس کو گانٹھ لگا کر باندھ لیا تھا آنچل میں
اس نے اس رشتہ کی فضیتی جا کر کونے کونے کی
یہ کون ہے (نظم)
یہ کون ہے
جو آئینے کے اس طرف
کھینچتا ہے مجھے
کون میری جبیں کو اپنی جبیں
میری آنکھوں کو اپنی آنکھیں
میرے ہونٹوں کو اپنے ہونٹ
میرے چہرے کو اپنا چہرہ بنا لیتا ہے
کون میرے سب سوالوں کے جواب
اپنی سچی آنکھوں سے دیتا ہے
ایسی سچی آنکھیں
جو مجھے یاد دلاتی ہیں ایک فقیر کی
وہ فقیر جو اونچے سر میں
بلے شاہ کی کافی گاتا تھا
بلا کی جاناں میں کون
کون مجھے اپنا پتہ بتاتے ہوئے رک جاتا ہے
کون مجھے خود سے ملاتے ہوئے رک جاتا ہے
کون ہے جو آئینے کو بیچ سے
گرا دینا چاہتا ہے
خود کو مجھ میں ڈبو دینا چاہتا ہے