سیما احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
متاع دل ہے گھنے اندھیروں میں کھو نہ جائے (غزل)
متاع دل ہے گھنے اندھیروں میں کھو نہ جائے
خیال رکھنا کہ رات جنگل میں ہو نہ جائے
دیار دل کل تلک تو سب پر کھلا ہوا تھا
پر اب یہ طے ہے کہ بس وہ آئے گا جو نہ جائے
برستی بارش نے جانے کیا جی میں ٹھان لی ہے
لگا ہے دھڑکا کہ خواب آنکھوں سے دھو نہ جائے
قدم بڑھاتا ہے آج دل پھر اسی کی جانب
حصار غم میں یہ پھر گرفتار ہو نہ جائے
مرے خدایا کبھی تو دل کی انا بھی جاگے
بچھڑنے والے اگر بلائیں بھی تو نہ جائے
بہت کٹھن ہے تری صداؤں سے بچ کے چلنا
مڑے تو ڈر ہے کہ جسم پتھر کا ہو نہ جائے
ابھی تو آدھا سفر ہے اور شام ہو رہی ہے
مرے پہنچنے سے قبل سیماؔ وہ سو نہ جائے
مزید غزلیں از سیما احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں