پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیما شکیب کی غزلیں — Seema Shakeb Ghazals

سیما شکیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظر میں عرش بریں ہے کسی کو کیا معلوم (غزل)

نظر میں عرش بریں ہے کسی کو کیا معلوم

کہاں یہ خاک نشیں ہے کسی کو کیا معلوم

تمام ہیچ ہے دنیا علائق دنیا

جو نقش زیب جبیں ہے کسی کو کیا معلوم

تمہیں خبر ہی نہیں کیا ہے ورثۂ درویش

جہان زیر نگیں ہے کسی کو کیا معلوم

بلا سبب تو یہ لرزش ہوا نہیں کرتی

جو آگ زیر زمیں ہے کسی کو کیا معلوم

نہ در کھلا نہ دریچے کبھی کھلے دیکھے

مکاں میں کون مکیں ہے کسی کو کیا معلوم

وہ ایک لفظ جو اترا نہ زینۂ لب سے

ہمیں اسی کا یقیں ہے کسی کو کیا معلوم

پیامبر کی ضرورت نہ شرح دل کا خیال

وہ کس کا بلا ذہیں ہے کسی کو کیا معلوم

جیراں (نظم)

جیراں

تو ہر وقت یہ کچی چھت کا کیا رونا روتی ہے

برساتیں جاڑے پالے

گرم ہوا اور دھوپ سلگتی

موسم کی ہر سختی

تجھ کو سہنا ہی ہے

پکی چھت کو دیکھ کے ٹھنڈی آہ نہ بھر

میرے جیسی بن جانے کی چاہ نہ کر

جو کچھ تو دیکھا کرتی ہے

سب آنکھوں کا دھوکا ہے

دکھ کے موسم تجھ سے زیادہ

میرے دل نے جھیلے ہیں

ہم دونوں کے دکھ سانجھے ہیں

تیرے پاس تو لا علمی کی دولت ہے

میرے پاس تو وہ بھی نہیں ہے

خالی ہاتھ اور خالی دل

بھولی عورت تو کیا جانے

میں بھی تیرے جیسی کچی چھت کے نیچے رہتی ہوں

مزید غزلیں از سیما شکیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں