پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید ریاض رحیم کی غزلیں — Sayyed Riyaz Raheem Ghazals

سید ریاض رحیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سب کی اپنی اپنی باتیں سب کی اپنی اپنی سوچ (غزل)

سب کی اپنی اپنی باتیں سب کی اپنی اپنی سوچ

دنیا کو تو مہنگی پڑ گئی سوچ سمجھ والوں کی سوچ

اس سے زیادہ اپنی دنیا اور کہاں تک بدلے گی

بچوں میں بھی آ ہی گئی ہے بوڑھے لوگوں جیسی سوچ

عقل پہ جن کو ناز بہت تھا وہ بھی دل کے ساتھ ہوئے

دھیرے دھیرے سمجھ گئے سب کتنی ہے ہرجائی سوچ

ہم تو اپنے گھر میں خوش تھے ہم کو کچھ معلوم نہ تھا

اپنے گھر کو آگ لگانے جنگل سے پھر آئی سوچ

سوچ سمجھ کر سوچ سمجھ کر کام کرو (غزل)

سوچ سمجھ کر سوچ سمجھ کر کام کرو

بدل نہ جائے جب تک منظر کام کرو

مٹھی بھر لوگوں نے نفرت بوئی تھی

اگ آئے ہیں کھیت میں خنجر کام کرو

وقت کڑا ہے جان کی بازی ہے درکار

دھڑ پر جب تک باقی ہے سر کام کرو

ایک طرف مظلوم بھی ہیں مجبور بھی ہیں

ایک طرف ہیں سارے ستمگر کام کرو

وقت نے پھر اک شیش محل تعمیر کیا

ڈھونڈ کے لاؤ کام کے پتھر کام کرو

وحشی درندے چیخ رہے ہیں گلیوں میں

سہمے ہوئے ہیں سارے کبوتر کام کرو

پھر ندیا محروم ہوئی ہے لہروں سے

جمع کرو کچھ کنکر پتھر کام کرو

کل سے بد تر حال ہوا ہے دنیا کا

کل سے زیادہ کل سے بہتر کام کرو

مزید غزلیں از سید ریاض رحیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں