پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساز برہانپوری کی غزلیں — Saz Burhanpuri Ghazals

ساز برہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گر زندگی نہیں تو نہ ہو اپنے بس کی بات (غزل)

گر زندگی نہیں تو نہ ہو اپنے بس کی بات

لیکن ذرا سنیں تو مسیحا نفس کی بات

یہ اور بات ہے کہ نہیں سب کے بس کی بات

لیکن یہ کام کی نگہ دور رس کی بات

حیران ہوں کہ عام ہے ہر بزم خاص میں

مطلب کی فکر و فن کی دغا کی ہوس کی بات

جمہوریت میں دب گئی جمہور کی صدا

ہاں یہ ہوا کہ بن گئی دو چار دس کی بات

رفتار انقلاب یہی ہے تو دیکھنا

صدیاں گزار دے گی برس دو برس کی بات

با حوصلہ جو اہل نشیمن تھے پی گئے

صیاد و برق و باد و شرر کی قفس کی بات

اے سازؔ اپنے آپ کو ہم نے بھلا دیا

لیکن بھلا سکے نہ کسی ہم نفس کی بات

ظلمتوں میں روشنی پلتی رہی (غزل)

ظلمتوں میں روشنی پلتی رہی

رات بھر دن کی چتا جلتی رہی

بجھ نہ پائی آگ بھوکے پیٹ کی

سانس کی ٹھنڈی ہوا چلتی رہی

پانی پانی شرم سے پانی ہوا

آگ اپنی آگ میں جلتی رہی

میں نے دنیا کو نئے سورج دئے

میری مٹھی میں سحر پلتی رہی

وعدۂ معشوق کی صورت سدا

سازؔ میری ہر بلا ٹلتی رہی

مزید غزلیں از ساز برہانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں