پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید تابش الوری کی غزلیں — Sayyadtabish Alwari Ghazals

سید تابش الوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب کے عجب سفر پہ نکلنا پڑا مجھے (غزل)

اب کے عجب سفر پہ نکلنا پڑا مجھے

راہیں کسی کے نام تھیں چلنا پڑا مجھے

تاریک شب نے سارے ستارے بجھا دیے

میں صبح کا چراغ تھا جلنا پڑا مجھے

یاران دشت رونق بازار بن گئے

سنسان راستوں پہ نکلنا پڑا مجھے

ہر اہل انجمن کی ضرورت تھی روشنی

میں شمع انجمن تھا پگھلنا پڑا مجھے

ظالم بہت ہے شدت احساس آگہی

اکثر پرائی آگ میں جلنا پڑا مجھے

راہوں کے پیچ و خم میں بلا کے طلسم تھے

چلنا بڑا محال تھا چلنا پڑا مجھے

آساں نہیں تھا ظلمت شب سے مقابلہ

سر پر جلا کے آگ پگھلنا پڑا مجھے

مزید غزلیں از سید تابش الوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں