پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید تصدق علی اسد کی غزلیں — Sayyad Tasadduq Ali Asad Ghazals

سید تصدق علی اسد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حق یہ ہے قلب میں مرشد کے جو گھر رکھتے ہیں (غزل)

حق یہ ہے قلب میں مرشد کے جو گھر رکھتے ہیں

یار ہرجائی کو اپنا وہی کر رکھتے ہیں

نذر ہم کر چکے دونوں تمہیں اے حضرت عشق

دوش پر سر کو نہ پہلو میں جگر رکھتے ہیں

قطرہ کب رکھے خبر جبکہ فنا بحر میں ہے

بے خبر حق سے ہیں جو اس کی خبر رکھتے ہیں

پی چکے جام بقا ہاتھ سے جو ساقی کے

کوئے جاناں میں وہی اپنا گزر رکھتے ہیں

لے اڑی باد فنا جن کے غبار تن کو

وہ نشاں رکھتے ہیں اپنا نہ اثر رکھتے ہیں

ہے یقیں جن کو کہ ہے ایک اسدؔ پھر تو وہ

زیر رکھتے ہیں کسی کو نہ زبر رکھتے ہیں

پتلۂ خاک میں ہے بھید چھپا کیا کہئے (غزل)

پتلۂ خاک میں ہے بھید چھپا کیا کہئے

کھول دیں پھر تو ہو اک شور بپا کیا کہئے

ہم ہوں معدوم جہاں آپ ہوں ممکن ہی نہیں

کب ضیا شمس سے ہوتی ہے جدا کیا کہئے

تم کو ہی چھوڑ دیں یا خود کو ہی ہم کھو بیٹھیں

اتنی ہی بات میں ملتا ہے پتہ کیا کہئے

کون ظاہر ہے سوا آپ کے جب میں نے کہا

ہو گئے پھر تو خفا ہو کے خفا کیا کہئے

چشم احول ہیں حقیقت میں شریعت والے

دونوں عالم میں نہیں تیرے سوا کیا کہئے

تو چھپا خود کو اگر ہم کو عیاں چاہتا ہے

یہی آتی ہے مرے دل سے صدا کیا کہئے

حشر تک ہوش میں ہم آ نہیں سکتے ہیں اسدؔ

پی چکے ساقی سے وہ جام فنا کیا کہئے

مزید غزلیں از سید تصدق علی اسد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں