سید صہیب ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خواب دیکھا ہے نہ آنکھوں میں جنوں دیکھا ہے (غزل)
خواب دیکھا ہے نہ آنکھوں میں جنوں دیکھا ہے
میری وحشت نے فقط حال زبوں دیکھا ہے
تم نے دیکھی ہی نہیں گاؤں کی پر شور فضا
تم نے بس شہر کی گلیوں کا سکوں دیکھا ہے
یہ بتا آنکھ میں حیرت اتر آئی کیسے
یہ نہ سمجھا کہ مجھے پیار سے کیوں دیکھا ہے
جیسے مہتاب الجھتا ہے رواں لہروں سے
میں نے جاتے ہوئے تالاب کو یوں دیکھا ہے
در افلاک تو اس وقت کھلا ہے مجھ پر
نیت عجز سے جب اپنے دروں دیکھا ہے
ہو گیا نقش بہ دیوار وہی شخص صہیبؔ
اس کی آواز کا جس نے بھی فسوں دیکھا ہے
دشت میں قیس نما خاک اڑاتا ہے کوئی (غزل)
دشت میں قیس نما خاک اڑاتا ہے کوئی
یعنی برسوں سے چلی ریت نبھاتا ہے کوئی
مرے اندر کا سخن فہم سلامت ہے ابھی
خواب میں میرؔ کا اک شعر سناتا ہے کوئی
پھول گلدان میں رکھتے ہیں سبھی میزوں پر
نام کاغذ پہ ترا لکھ کے سجاتا ہے کوئی
جس طرح عہد گزشتہ کو نبھاتا ہے کوئی
یوں تری یاد کا تہوار مناتا ہے کوئی
گروی رکھتا ہے بدن آنکھ جوانی سب کچھ
خواب کو بیچ کے تعبیر کماتا ہے کوئی