پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید صفدر رضا کھنڈوی کی غزلیں — Sayyad Safdar Raza Khandvi Ghazals

سید صفدر رضا کھنڈوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ست گرو لکھ یا رحیم و رام لکھ (غزل)

ست گرو لکھ یا رحیم و رام لکھ

ایک ہے اس کے ہزاروں نام لکھ

آنسوؤں سے حسرت ناکام لکھ

کوئی خط ایسا بھی اس کے نام لکھ

پی گیا جو ظلمتوں کو گھول کر

ایک دریا ہے اسے گمنام لکھ

چیختے لمحے سلگتے روز و شب

اس صدی کو فتنۂ کہرام لکھ

جب نظر آئیں تجھے جنگل کٹے

ان کی بربادی کو قتل عام لکھ

اٹھ شہیدان وطن کی خاک سے

اپنی پیشانی پہ ان کے نام لکھ

چھت اڑا کر لے گئیں جو آندھیاں

مفلسوں کی غم زدہ وہ شام لکھ

تو دیا ہے پیر کی درگاہ کا

دے بشارت نور کی الہام لکھ

آ چلم بھر ہم فقیروں کی رضاؔ

پھر فروغ بت کدہ اصنام لکھ

طیور فکر و سخن کی اڑان زندہ ہے (غزل)

طیور فکر و سخن کی اڑان زندہ ہے

خدا کا شکر کہ اردو زبان زندہ ہے

طنابیں کاٹ دیں جس نے مری زمین کے ساتھ

اسے کہو کہ ابھی آسمان زندہ ہے

عجب ہے گنبد بے در کی گونج سن لینا

سماعتوں پہ ترا یہ گمان زندہ ہے

نگر کی پختہ حویلی میں گھٹ کے مرنے سے

چلو کہ گاؤں کا کچا مکان زندہ ہے

پروں کو بیٹھ گیا کیوں سمیٹ کر اپنے

اڑان بھر کہ ابھی آسمان زندہ ہے

خدا کے گھر کو گرایا تو کیا کمال کیا

کمال یہ ہے کہ اب بھی اذان زندہ ہے

بہت ہی خوش ہیں فسادی جلا کے گھر میرا

خبر نہیں کہ مرا خاندان زندہ ہے

ہمارا خون ہے شامل وطن کی مٹی میں

ہمارے دم سے ہی ہندوستان زندہ ہے

یزیدیت تو رضاؔ ہے فنا کی منزل میں

حسینیت ترا نام و نشان زندہ ہے

دادی اماں ہمیں سناؤ اب اک نئی کہانی (نظم)

دادی اماں ہمیں سناؤ اب اک نئی کہانی

جس میں ظالم راجہ نہ ہو نہ ہی ظالم رانی

جس میں بھوت پریت دیو اور جناتوں کی بات نہ ہو

جس میں شہزادی کی خاطر شہزادے کی مات نہ ہو

جس میں کوئی لوبھی لٹیرا سات سمندر سے نہ آئے

جس میں سونے کی چڑیا کے پنکھوں کو نوچا نہ جائے

آج کے یگ میں ان قصوں کی بات ہوئی پرانی

نئی کہانی جس میں دہقاں جھوم رہے ہوں کھیتوں میں

نئی کہانی جس میں کوئل مگن ہو سکھ کے گیتوں میں

نئی کہانی جس میں دھرتی اگل رہی ہو سونا

امن و محبت کے گیتوں سے گونج رہا ہو ہر کونا

نئی کہانی جس میں ہم چندا ماما تک جائیں

اور چندا نگری سے جھولا جھول کے واپس آئیں

نئی کہانی کتنی سندر کتنی بھلی سہانی

مزید غزلیں از سید صفدر رضا کھنڈوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں