پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید امیر حسن بدر کی غزلیں — Sayyad Ameer Hasan Badr Ghazals

سید امیر حسن بدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم پہ میں مر رہا ہوں مرنے دو (غزل)

تم پہ میں مر رہا ہوں مرنے دو

کام کرنے کا ہے یہ کرنے دو

ان کو اے ہم نشیں سنورنے دو

کوئی مرتا جو ہے تو مرنے دو

ناروا ظلم ان کو کرنے دو

خون ناحق میں ہاتھ بھرنے دو

باندھی تلوار کھل پڑا جوڑا

کھائے لچکے تری کمر نے دو

خون بولے گا سر پہ چڑھ کے وہاں

قتل کر کے یہاں مکرنے دو

چھینٹے کوثر کے واعظو دینا

ابھی شیشہ میں تو اترنے دو

بزم برخاست مے کشو نہ کرو

مرا جام سفال بھرنے دو

دیکھنا ٹھنڈی گرمیاں ان کی

ان کو حمام میں نکھرنے دو

چپ ہوئی کیوں زبان کیوں روکی

پھول جھڑنے دو گل کترنے دو

خود پریشان رو سیہ ہوگی

کان بھرتی ہے زلف بھرنے دو

جوش پر سیل اشک ہے ٹھیرو

ہیں چڑھیں ندیاں اترنے دو

فکر کیوں ہے نمک فشانی کی

زخم آ لے ابھی ہیں بھرنے دو

محو شکر جفا رہو تم بدرؔ

ظلم کرتے ہیں وہ تو کرنے دو

آج پھر اس گلی میں جاتے ہیں (غزل)

آج پھر اس گلی میں جاتے ہیں

اپنی قسمت کو آزماتے ہیں

لب شیریں سے دیتے ہیں دشنام

شہد میں زہر وہ ملاتے ہیں

کیجئے وار تیغ ابرو کا

سر تسلیم ہم جھکاتے ہیں

عشق میں ہو گئے ہیں ہم مزدور

ناز محبوبوں کے اٹھاتے ہیں

مجھ کو گھائل جو ان کو کرنا ہے

زہر میں تیغ کو بجھاتے ہیں

وہ برس پڑتے ہیں اگر مجھ پر

میرے دل کی لگی بجھاتے ہیں

زلف چھو لی جو میں نے وہ بولے

تم سے گستاخ مار کھاتے ہیں

ہجر میں کیا کہیں غذا کیا ہے

غم جاں کاہ روز کھاتے ہیں

مجھ سے رونق ہے ان کی محفل کی

شمع ساں مجھ کو وہ جلاتے ہیں

بعد مردن یہ ان کی دل سوزی

شمع لے کر لحد پہ آتے ہیں

ترک عشق بتاں کیا اے بدرؔ

اب مدینہ کو ہم تو جاتے ہیں

مزید غزلیں از سید امیر حسن بدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں