پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید احمد حسین شفیق لکھنوی کی غزلیں — Sayyad Ahmad Hussain Shafiq Lakhnavi Ghazals

سید احمد حسین شفیق لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتفاقاً ہوئی ساقی تری گفتار غلط (غزل)

اتفاقاً ہوئی ساقی تری گفتار غلط

جیسے کہنے لگا ہر بات کو مے خوار غلط

تم کو ہوتا ہے یقیں ہوتی ہے تکرار غلط

روز اک بات کہا کرتے ہیں اغیار غلط

دل مرا تاکا تھا اور زخم جگر پر مارا

کیا ترا ہاتھ پڑا آج ستم گار غلط

سر مرا کاٹ لے جلاد نہ اف نکلے گی

کبھی کہنے کا نہیں تیرا وفادار غلط

ہوش میں آ کے لگا زخم ذرا او قاتل

تیرے گھبرانے سے پڑ جاتی ہے تلوار غلط

جو وہ کہتا ہے مسیحا تو یقیں لا اس کو

حال کہنے کا نہیں ہے ترا بیمار غلط

وہ جو کچھ کہتے ہیں اغیار وہی کہتے ہیں

اپنی ہم بات کو کہہ دیتے ہیں ناچار غلط

چھیڑنے کو انہیں میں بات کئے جاتا ہوں

میرے کہنے کو وہ کہہ دیتے ہیں ہر بار غلط

روز کہتا ہے نہ جاؤں گا میں ان زلفوں میں

دل ناداں ترا ہو جاتا ہے انکار غلط

قبر میں آنے کہا ہے تو شفیقؔ آئے گا

کبھی کہنے کا نہیں میرا مددگار غلط

صبر کہتا ہے کہ رونا کیسا (غزل)

صبر کہتا ہے کہ رونا کیسا

ہجر میں جان کا کھونا کیسا

غیر نے جھوٹ کہا تھا مجھ سے

یار کا گھر میں نہ ہونا کیسا

درد سے تیر جگر کا کھینچو

خون میں ہاتھ ڈبونا کیسا

ہجر کی رات بری ہوتی ہے

آہ رکتی نہیں سونا کیسا

عشق میں کوئی بشر لائق ہو

اس میں برباد نہ ہونا کیسا

بعد مرنے کے جو تڑپا مرا دل

شق ہوا قبر کا کونا کیسا

نام تیرا ہے مرے باعث سے

بحر غم مجھ کو ڈبونا کیسا

جل بھی جائے تو نہ اف منہ سے کرے

اے شمع راتوں کو رونا کیسا

جو کہ ہو خاک نشیں مدت سے

اس کو شفاف بچھونا کیسا

کہتا ہے ضبط کہ تم صابر ہو

درد ہو دل میں تو رونا کیسا

دل عاشق سے نمو ہوتا ہے

تخم الفت ترا بونا کیسا

ایک دن جان مری لے فصاد

روز نشتر کا چبھونا کیسا

اب بھی تکلیف مجھے دیتے ہو

جاؤ بھی لاش پہ رونا کیسا

کیا جوانی نے سکھایا ہے تمہیں

لے کے انگڑائیاں سونا کیسا

کچھ کہا میں نے وہ کہتا ہے شفیقؔ

دکھڑا ہر روز کا رونا کیسا