سائل عمران کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر ایک پہ یہ راز بھی افشا نہیں ہوتا (غزل)
ہر ایک پہ یہ راز بھی افشا نہیں ہوتا
اچھا جو نظر آتا ہے اچھا نہیں ہوتا
روتے ہو بھلا کس لیے جب جانتے ہو تم
یہ عشق ہے اس عشق میں کیا کیا نہیں ہوتا
امید روا رکھتے ہو ہر ایک سے کیوں کر
ہر شخص زمانے میں مسیحا نہیں ہوتا
کرتا ہے جو ہر بات پہ سچائی کا دعویٰ
سچ بات تو یہ ہے کہ وہ سچا نہیں ہوتا
یادوں کے شبستان میں بیٹھا ہوا سائل
تنہا جو نظر آتا ہے تنہا نہیں ہوتا
ہر کسی آنکھ کا بدلہ ہوا منظر ہوگا (غزل)
ہر کسی آنکھ کا بدلہ ہوا منظر ہوگا
شہر در شہر مسیحاؤں کا لشکر ہوگا
آئنہ رو ہے اگر دل تو حفاظت کیجے
کس کو معلوم ہے کس ہاتھ میں پتھر ہوگا
لے کے پیغام خزاں آیا ہے میرے در پہ
وہ جو کہتا تھا کہ آنگن میں صنوبر ہوگا
پھر سیاست کی مہک آنے لگی ہے مجھ کو
جانے اب کون مرے شہر میں بے گھر ہوگا
چھو کے دیکھو تو سہی اس میں نمی باقی ہے
یہ جو صحرا ہے کسی وقت سمندر ہوگا
مزید غزلیں از سائل عمران ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں