سعید اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
احساس کمتری میں مجھے مبتلا کیا (غزل)
احساس کمتری میں مجھے مبتلا کیا
جب زندگی سے میں نے کبھی مشورہ کیا
جادو کیا ہوا یہ کسی سامری کا ہے
ملت کے انتشار کو جس نے سوا کیا
انسانیت بھی لرزہ بہ اندام ہو گئی
طوفان سارے ملک میں ایسا بپا کیا
بلبل چمن کو چھوڑ دے ممکن نہیں کبھی
سازش کسی کی تھی جو چمن سے جدا کیا
بیمار دل پہ رحمت باری تو دیکھیے
باد صبا کی موج کو وجہ شفا کیا
دامن نہ داغدار سعیدؔ اعظمیؔ ہوا
اللہ کا کرم ہے جو مجھ کو عطا کیا
گزری شب فراق مری اضطراب میں (غزل)
گزری شب فراق مری اضطراب میں
دیکھی جو میں نے ایک جھلک ان کی خواب میں
تہذیب نو کا خواب نہ دیکھو کبھی ندیم
حوا کی بیٹیو سدا رہنا حجاب میں
انسان ہوں ہے انساں نوازی مجھے عزیز
کیا ڈھونڈھتے ہو خوبیاں خانہ خراب میں
تدریس میں نہ آئیں گی الفت کی کھیتیاں
نفرت کے بیج بوئے گئے ہیں کتاب میں
چہرے پہ اپنے چہرہ لگائے ہوئے ہیں لوگ
بہروپئے بنے ہیں نئے انقلاب میں
وحدانیت پہ میں رہا سختی سے کار بند
کرنا نہ مبتلا مجھے مولا عذاب میں
دیکھو سعیدؔ اعظمیؔ لوگوں کے روز و شب
بدمست خوب ہونے لگے ہیں شراب میں