سید اعجاز احمد رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو ہونا ہے وہی ہوتا رہے گا (غزل)
جو ہونا ہے وہی ہوتا رہے گا
کبھی ہنستا کبھی روتا رہے گا
بچا کوئی مکافات عمل سے
وہی کاٹے گا جو بوتا رہے گا
کچھ اپنا ہی بگاڑے گا اگر تو
بھرم اپنا میاں کھوتا رہے گا
ترے اعدا نکل جائیں گے آگے
اگر تو رات دن سوتا رہے گا
تو اپنا بار عصیاں کم سے کم کر
کہاں تک بوجھ یہ ڈھوتا رہے گا
کوئی حد بھی ہے آخر آنسوؤں سے
کہاں تک اپنا منہ دھوتا رہے گا
کہیں تدبیر سے ٹلتا ہے رضویؔ
لکھا تقدیر کا ہوتا رہے گا
جگر کے خون سے روشن گو یہ چراغ رہا (غزل)
جگر کے خون سے روشن گو یہ چراغ رہا
مثال ماہ چمکتا تو دل کا داغ رہا
بدل گیا ہے زمانہ چلی وہ باد سموم
نہ گل رہے نہ وہ بلبل رہی نہ باغ رہا
حضور حسن سے خوشیاں نہ مل سکیں نہ سہی
متاع غم سے تو صد شکر با فراغ رہا
وہ ڈال دی غلط انداز اک نظر تو نے
کہ میں زمیں پہ رہا عرش پر دماغ رہا
نہ ہوگی بزم جہاں میں رسائی ظلمت
یہاں چراغ سے جلتا اگر چراغ رہا
کسے تھا ہوش کسی کی تلاش کا رضویؔ
تمام عمر ہی میں درپئے سراغ رہا