پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سوربھ شیکھر کی غزلیں — Saurabh Shekhar Ghazals

سوربھ شیکھر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پانی میں کنکر برسایا کرتے تھے (غزل)

پانی میں کنکر برسایا کرتے تھے

وہ دن جب ہم لمحے ضائع کرتے تھے

ہوڑ ہوا سے اکثر لگتی تھی اپنی

اکثر اس کو دھول چٹایا کرتے تھے

دیکھ کے ہم کو راہ گزر مسکاتی تھی

پیڑ بھی آگے بڑھ کر چھایا کرتے تھے

دھوپ بٹورا کرتے تھے ہم سارا دن

شام کو بانٹ کے گھر لے جایا کرتے تھے

آج گھٹا افسردہ کرتی ہے ہم کو

ہم بارش میں خوب نہایا کرتے تھے

ایک یہی ہم دیکھیں سب خاموشی سے

ایک یہی ہم شور مچایا کرتے تھے

سوربھؔ شب تھی ایک ورق سادہ جس پر

لکھ لکھ کر ہم خواب مٹایا کرتے تھے

سنجیدگی کی خاص ضرورت تو ہے نہیں (غزل)

سنجیدگی کی خاص ضرورت تو ہے نہیں

افسانہ ہے یہ زیست حقیقت تو ہے نہیں

ادنیٰ سا ایک دائرہ ہے عشق و انس کا

اس دل میں آسمان کی وسعت تو ہے نہیں

اک سوچ ہے ذرا سی مری تم سے مختلف

کچھ میری تم سے ذاتی عداوت تو ہے نہیں

بازار سے ہے سب کو منافع کی ہی غرض

پر سب کے پاس طرز تجارت تو ہے نہیں

اس نے ضرور کر لیا اقبال جرم کا

لیکن نظر میں اس کے ندامت تو ہے نہیں

لکھا ہے تھوڑی نام کسی کا ہواؤں پر

یہ دھوپ بھی کسی کی وراثت تو ہے نہیں

سوربھؔ تجھے یہ خوف ہے رسوائیوں کا کیوں

ایسی تری سماج میں عزت تو ہے نہیں

مزید غزلیں از سوربھ شیکھر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں