صولت زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خیال گردش شام و سحر میں رہتا ہوں (غزل)
خیال گردش شام و سحر میں رہتا ہوں
میں گھر میں رہتے ہوئے بھی سفر میں رہتا ہوں
میں اپنے جسم پہ تنقید کر نہیں سکتا
مگر یہ سچ ہے کہ مٹی کے گھر میں رہتا ہوں
مجھے قیام کہاں اب مجھے تلاش نہ کر
ہے میرا نام مسافر سفر میں رہتا ہوں
میں ایک درد سہی پھر بھی مٹ نہیں سکتا
سبب یہ ہے کہ دل چارہ گر میں رہتا ہوں
مجھی سے مانگے ہے سیلاب راستہ صولتؔ
یہ جانتا ہے کہ مٹی کے گھر میں رہتا ہوں
رہ کے خاموش بھی اعلان بہت کرتا ہے (غزل)
رہ کے خاموش بھی اعلان بہت کرتا ہے
آئنہ چہروں کا نقصان بہت کرتا ہے
آؤ صحرا میں یہ دیوانے سے چل کر پوچھیں
پھول کیوں چاک گریبان بہت کرتا ہے
روشنی لکھ نہیں سکتا کسی قسمت میں چراغ
رات آتی ہے تو احسان بہت کرتا ہے
آؤ اب عقل کی میزان پہ تولیں اس کو
وہ وفاداری کا اعلان بہت کرتا ہے
یہ نیا دور جو احسان تو کرتا ہی نہیں
اور شرمندۂ احسان بہت کرتا ہے
سونی رہ جائیں جو شاخیں تو گلا بھی نہ کرے
وہ پرندوں کو پریشان بہت کرتا ہے
آج صولتؔ کی یہ پہچان بہت کافی ہے
دل و جاں آپ پہ قربان بہت کرتا ہے