صولت بانو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی ہم روٹھ جائیں وہ منانا بھول جاتے ہیں (غزل)
کبھی ہم روٹھ جائیں وہ منانا بھول جاتے ہیں
محبت جب جتانی ہو جتانا بھول جاتے ہیں
محبت کو تجارت ہی بنا ڈالا ہے لوگوں نے
نیا ساتھی جو چنتے ہیں پرانا بھول جاتے ہیں
دلوں کے ان پرندوں سے شکایت کیجیے کیسے
محبت جن کو مل جائے ٹھکانا بھول جاتے ہیں
خیالوں ہی خیالوں میں ہم ان سے ملنے جاتے ہیں
مگر جب لوٹ آنا ہو تو آنا بھول جاتے ہیں
وفا کی راہ میں صولتؔ دلوں کا رشتہ ایسا ہے
جہاں دامن بچانا ہو بچانا بھول جاتے ہیں
خزاں میں ڈوبا ہوا ہے بہار کا موسم (غزل)
خزاں میں ڈوبا ہوا ہے بہار کا موسم
بجھا بجھا سا ہے دل کے دیار کا موسم
ملے ہیں ہجر کے لمحے متاع الفت میں
لٹائے بیٹھے ہیں دل کے قرار کا موسم
نہال عمر پہ ایسی خزاں اتر آئی
کہیں پہ کھو گیا رنگ و بہار کا موسم
دھواں دھواں ہیں بدن سوختہ گلابوں کے
روش روش میں بسا ہے چنار کا موسم
نہ پوچھ حال کہ دل کا عجیب عالم ہے
کبھی ہے جبر کبھی اختیار کا موسم
خروش دل ہے کہ ہے شور کوئی مقتل میں
الجھ رہا ہے رگ جاں سے دار کا موسم
ہوا کی گونج میں بھی تم سنائی دیتے ہو
در جنوں نے دیا ہے پکار کا موسم
روانہ ہونے کو ہے شوق کا ہر اک لمحہ
بدلنے والا ہے شہر نگار کا موسم
نگاہ زیست ابھی تک ہے مہرباں صولتؔ
ہے نخل جاں پہ ابھی برگ و بار کا موسم