ستیہ پال کوشک سرور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وارفتگئ شوق چھپائی نہ جا سکی (غزل)
وارفتگئ شوق چھپائی نہ جا سکی
چہرے سے دل کی بات مٹائی نہ جا سکی
آنکھوں میں آ گئیں سبھی دل کی کہانیاں
صد حیف ان سے آنکھ ملائی نہ جا سکی
ایسے حواس گم ہوئے کچھ ان کے سامنے
کہنے کی بات لب پہ بھی لائی نہ جا سکی
مرنے کے بعد میرے بنی بھی تو کیا بنی
جو زندگی میں بات بنائی نہ جا سکی
محویت جمال نے بخشا عجب سرورؔ
ہم سے نگاہ شوق ہٹائی نہ جا سکی
وفا کے شہر میں مقبول تھی صدا کتنی (غزل)
وفا کے شہر میں مقبول تھی صدا کتنی
مگر نہ پہنچی یہ ان تک تھی نارسا کتنی
تمام عمر جلے آتش ندامت میں
ملی ہے پیار کے اظہار کی سزا کتنی
نکل کے صحن چمن سے نہ پھر کبھی پلٹی
حسین پھولوں کی خوشبو تھی بے وفا کتنی
میں بن کے تیز ہوا چل رہا ہوں مدت سے
ذرا نگاہ تو ڈالو چھٹی گھٹا کتنی
وفا پرستوں کی نگری میں ناروا ہے جو
ہوس کے شہر میں وہ بات ہے روا کتنی
میں اپنی روح کی آواز سن سکا نہ سرورؔ
مرے گناہوں کی پر شور تھی صدا کتنی