ستیہ پال جانباز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھ کو میرے قرب میں پا کر جلتے ہیں دیوانے لوگ (غزل)
تجھ کو میرے قرب میں پا کر جلتے ہیں دیوانے لوگ
میرے تیرے نام سے اکثر گڑھتے ہیں افسانے لوگ
آج خزاں کے ہاتھ گلستاں بیچ دئے ہیں یاروں نے
فصل گل کو یاد کریں گے دیکھ کے یہ ویرانے لوگ
لوگوں کی تشہیر کے ڈر سے ہم نے ملنا چھوڑ دیا
بھولی بسری باتیں لے کر کہتے ہیں افسانے لوگ
میں نے تجھ سے پیار کیا تھا میں نے تجھ کو پوجا تھا
الفت میری دیکھ نہ پائے الفت سے بیگانے لوگ
ان کو پاگل کہنے والو ان کی کچھ توقیر کرو
رونق بزم ہستی میں یہ دنیا کے دیوانے لوگ
ان کو ہے کب پیار کسی سے جو نفرت کے عادی ہیں
جانے کس مٹی سے بنے ہیں ہائے یہ انجانے لوگ
اس دنیا میں رہ کر ہم نے دیکھا ہے جانبازؔ یہی
وقت پڑے تو کر لیتے ہیں مطلب کے یارانے لوگ
ان کو ہے اعتدال مجھے انتہا پسند (غزل)
ان کو ہے اعتدال مجھے انتہا پسند
ان کی جدا پسند ہے میری جدا پسند
جور و جفا پسند ہے شرم و حیا پسند
کافر ادا کی ہے مجھے اک اک ادا پسند
ان کا مزاج اور ہے میرا مذاق اور
ان کو جفا پسند ہے مجھ کو وفا پسند
کیا خوب ہے یہ وقت کی رفتار دیکھیے
کرتے ہیں میکدے کو بھی اب پارسا پسند
رکھتے ہیں دو جہاں میں وہی زندگی کا حق
بڑھ کر حیات سے بھی ہے جن کو قضا پسند
منزل سے دور جادۂ منزل سے دور ہے
کس بات پر کریں تجھے اے رہنما پسند
جانبازؔ کیوں عیاں نہ ہوں گل کاریاں تری
مشکل زمیں ہے جب تجھے اے خوش نوا پسند